سعودی عرب (جیوڈیسک) خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیزآل سعود نے کل اتوار کو منیٰ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے حجاج کرام کو دی گئی سہولیات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ مناسک حج کی ادائی کا بھی فضائی معائنہ کیا۔
اس موقع پر ولی عہد شہزادہ محمد بن نایف بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سعودی حکام نے خادم الحرمین الشریفین اور ولی عہد کو حجاج کرام کو دی گئی سہولیات اور سیکیورٹی سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی۔
انہیں بتایا گیا کہ حجاج کرام مکمل سہولت اور تحفظ کے ساتھ ایک سے دوسرے مقام کی طرف بڑھ رہے ہیں اور سعودی عرب کے تمام سرکاری اور نجی ادارے حجاج کرام کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔
شاہ سلمان نے حجاج کرام کی نقل وحرکت کا جائزہ ایک ایسے وقت میں لیا ہے جب حجاج کل رکن اعظم کے لیے میدان عرفات میں جمع تھے۔ دن کو میدان عرفات میں وقوف کے بعد نماز مغرب اور عشاء ایک ساتھ قصر ادا کرنے کے لیے حجاج کرانہ مزدلفہ کی طرف روانہ ہو گئے۔
آج دس ذی الحج کو حاجی منیٰ لوٹیں گے جہاں وہ رمی جمرات، قربانی اور دیگر مناسک ادا کریں گے۔ مزدلفہ میں حجاج کرام کا قیام عیدالاضحیٰ کی صبح تک رہے گا۔