حج کا کامیاب انتظام حاسدین کے منہ پر طمانچہ ہے : گورنر مکہ

Prince Khalid Al-Faisal

Prince Khalid Al-Faisal

سعودی عرب (جیوڈیسک) مکہ مکرمہ کے گورنر اور حج کی مرکزی کمیٹی کے سربراہ شہزادہ خالد الفیصل کا کہنا ہے کہ رواں سال کامیابی کے ساتھ حج کا انتظام ان تمام غلط بیانیوں اور افتراء کا منہ توڑ جواب ہے جس کا مملکت کو حاسدین اور بغض رکھنے والوں کی طرف سے حج سے قبل سامنا کرنا پڑا تھا۔

ان لوگوں نے حجاج کرام کی خدمت اور حج کے امور کو سرانجام دینے کے حوالے سے سعودی عرب کی صلاحیت پر شکوک و شبہات کا اظہار کا تھا۔

خالد الفیصل نے اپنی جانب سے اور حجاج کرام کی خدمت میں شریک سرکاری اور غیر سرکاری اداروں اور رضاکار مرد و خواتین کی جانب سے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کا تہہ دل سے شکریہ اور انہیں خراج تحسین پیش کیا کہ سعودی فرماں روا نے رواں سال حجاج کرام کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کا مستقل جائزہ لیا۔

مکہ کے گورنر نے مملکت کے ولی عہد ، وزیر داخلہ اور حج سپریم کمیٹی کے سربراہ شہزادہ محمد بن نایف کا رواں سال حج کے آغاز سے اختتام تک تمام تر تیاریوں کو بھرپور جائزہ لینے پر شکریہ ادا کیا۔

شہزادہ خالد الفیصل نے اسلام کے اس عظیم رکن اور فریضے کی ادائیگی پر تمام حجاج کرام کو مبارک باد پیش کی۔