شہرہ آفاق امریکی ڈرامہ نگار البی انتقال کر گئے

Albee

Albee

لاس اینجلس (جیوڈیسک) معروف امریکی ڈرامہ نگار اور تین بار پلٹزر پرائز جیتنے والے ایڈورڈ البی جمعہ کو 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

ان کے ایک نائب جیکب ہولڈر نے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ البی کی وفات نیویارک کے مشرقی علاقے مونٹیک میں واقع اپنے گھر پر ہی ہوئی۔

گوکہ وہ ایک عرصے سے ذیابیطس کے مرض میں مبتلا تھے لیکن ان کی موت کی وجہ نہیں بتائی گئی۔

امریکی تھیٹر کے روایتی انداز سے برخلاف انھوں نے اپنے مختلف انداز کی ڈرامہ نگاری سے شہرت حاصل کی جس میں “ہو از آفریڈ آف ورجینیا وولف” اور “اے ڈیلیکیٹ بیلنس” کو نمایاں حیثیت حاصل ہے۔

آرتھر ملر اور اگست ولسن کی 2005ء میں وفات کے بعد انھیں امریکہ کا عظیم ترین بقید حیات ڈرامہ نگار تصور کیا جاتا تھا۔

کئی سال پہلے اپنی ایک حساس سرجری کے عمل سے گزرنے سے پہلے انھوں نے ایک تحریر چھوڑی تھی جسے ان کی ہدایت کے مطابق ان کی موت کی صورت میں جاری کرنے کا کہا گیا تھا۔

انھوں نے لکھا “ان تمام لوگوں کے نام جنہوں نے میری زندگی کو شاندار اور بھرپور بنایا، میں سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور میرا ان سب کے لیے۔”

1962ء میں ان کا تحریر کردہ ڈرامہ “ہو از آفریڈ آف ورجینیا وولف” جب براڈوے میں پیش کیا گیا تو اس نے انھیں ایک عظیم ڈرامہ نویس کے طور پر متعارف کروایا اور یہ ان کے کاموں میں اب بھی ایک شاہکار تصور کیا جاتا ہے۔

اس پر ایک فلم بھی بنائی گئی جس میں الزبیتھ ٹیلر اور رچرڈ برٹن نے اداکاری کے جوہر دکھائے اور اس فلم کو ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

اپنے تیس سے زائد ڈراموں میں انھوں نے امریکی ثقافت، تہذیب اور بودوباش کو موضوع رکھا۔