کراچی (اسٹاف رپورٹر) بلدیہ جنوبی کے چیئر مین ملک فیاض نے کہا ہے کہ آرام باغ کورٹ کی تزئین و آرائش جلد شروع کرادی جائیگی ،اسے قومی سطح کا معیاری باسکٹ بال کورٹ بنا یا جائیگا جہاں قومی سطح کے ایونٹ کا انعقاد ہوسکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں انہیں ایسوسی ایشن کی جانب سے کھیلوں کے خدمات پر قائد اعظم گولڈ میڈل دیا گیا ۔چیئر مین بلدیہ جنوبی ملک فیاض نے کہاکہ باسکٹ بال کھیل ملک کے مقبول ترین کھیلوں میں شمار کای جاتا ہے اور ضلع جنوبی کے کھلاڑی کراچی میں اس کھیل میں بلند مقام رکھتے ہیں انہوں نے کھلاڑیو ں کو یقین دلا یا کہ میں اپنی جانب سے اور بلدیہ جنوبی کی جانب سے باسکٹ بال سمیت ضلع میں کھیل کے ہر شعبے کو فروغ دینے کے لئے آپ کے ساتھ جد وجہد کرتا رہوں گا۔
انہوں نے کہاکہ جب کھیل کے میدان آباد ہونگے تو منفی سرگرمیاں ختم ہونگی اور قیام امن اور روشنی کے سفر کا آغاز ہوگا انہوں نے کھلاڑیوں سے اپیل کی کہ وہ تعصب ،لسانیت اور گروہ بندی سے بالاتر ہوکر میدان میں اپنے ٹیلنٹ کا مظاہرہ کریں ملک فیاض اعوان نے کہاکہ یہ کھیل اور کھلاڑیوں کی خوش نصیبی ہے کہ ہمارے جواں سال وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کھیلوں سے خصوصی محبت رکھتے ہیں۔
اس موقع پر ممتاز تاجر رہنماء ایاز میمن موتی والا نے بلدیہ جنوبی کے چیئرمین ملک فیاض اعوان کو تاجر برادری کی جانب سے ضلع جنوبی کی تعمیر و ترقی میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلا یا تقریب سے کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر حاجی غلام محمد خان نے خطاب کرتے ہوئے ضلع جنوبی میں باسکٹ بال کھیل کے مسائل سے چیئر مین بلدیہ جنوبی کو آگاہ کیا اور ان کو آرام باغ باسکٹ بال کی تاریخی حیثیت سے آگاہ تقریب سے سندھ اولمپکس ایسوسی ایشن کے سیکریٹری احمد علی راجپوت سندھ باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے سیکریٹری عبدالناصر خان ،ڈائریکٹر سندھ اسپورٹس بورڈ شہزاد پرویز بھٹی ،ڈائریکٹر اسپورٹس بلدیہ جنوبی آصف عظیم ،کراچی سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے صدر حبیب حسن بلوچ ،سندھ باکسنگ بال ایسوسی ایشن کے سیکریٹری اصغر بلوچ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔