بعض بچوں اور بڑوں میں ناک سے خون بہنے کی شکایت عام ملتی ہے ۔ اگر اس کا فوری اور مناسب علاج نہ کیا جائے تو زیادہ خون بہنے سے نقصان بھی ہو سکتا ہے ۔ ہائی بلڈ پریشر ، انفیکشن اور بعض دوسری بیماری میں ناک سے خون جاری ہو سکتا ہے۔
اس کے علاوہ ناک کی اندرونی ہڈی ٹیڑھی ہونے کی صورت میں ناک زخمی ہونے کی صورت میں ، زکام وغیرہ میں ، ناک بہت زیادہ بہنے کی صورت میں یا ناک میں کوئی چیز گھس جانے کی صورت میں بھی ناک سے خون بہنا جاری ہو سکتا ہے ۔ ناک سے خون بہنے کو کیسے روکا جائے؟ ناک سے خون بہنے کو روکنے کے لیے فوری طور پر مندرجہ ذیل اقدامات کرنے چاہئیں۔
سب سے پہلے مریض کو تسلی دیں۔ اسے آرام سے کسی جگہ بٹھا دیں اور اس کی قمیض یا ٹائی وغیرہ ڈھیلی کر دیں۔ اگر اکیلے میں کسی کی ناک سے خون بہنا شروع ہو جائے ،تو اسے آرام سے سر ذرا آگے کر کے بیٹھ جانا چاہیے اور ایک ہاتھ سے نتھنوں کو 10 منٹ تک دبایا جائے، مگر کسی صورت میں ناک کومسلا نہ جائے ۔
ناک کو دبانے کے ساتھ اگر میسر ہو تو ٹھنڈی پٹیاں یا برف ناک کے ساتھ لگائی جائے۔ عام طور پر جب کسی کے ناک سے خون بہنا شروع ہو جائے تو اس کے سر پہ پانی ڈالا جاتا ہے جس کا اچھا اثر ہوتا ہے۔
اگر اوپر والے طریقوں سے خون بہنا بند نہ ہو تو پھر مریض کو فوری طور پر ہسپتال بھیج دیا جائے جہاں مختلف طریقوں سے اس کا علاج کیا جاتا ہے ۔