ایک منظم سازش کے تحت دنیا بھر میں مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے: مولانا صفدر گھمن قاسمی

گوجرانوالہ : جمعیت علماء اسلام (س) کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا صفدر گھمن قاسمی نے کہا ہے کہ ایک منظم سازش کے تحت دنیا بھر میں مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے اور مسلمان حکمران اس ظلم و بربریت پر خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

اگر امت مسلمہ ظلم کے خاتمے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اپنا لے تو مسلمانوں کی محرومیوں اور تکلیفوں کا ازالہ ممکن ہو سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کھیالی شاہ پور میں مصر اور شام کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صفدر گھمن قاسمی کا کہنا تھا کہ مسلمان امت گروہ بندی کا شکار ہے اور سامراج مسلمانوں کے اندرونی اختلافات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ظلم و تشدد کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیداری امت مسلمہ کے لئے تمام درد دل رکھنے والے علماء اور افراد کو اپنا کردار اداس کرنا چاہئے۔

مسلمانوں کو ظلم سے نجات دلانے کے لئے موثر طریقے سے آواز کو اٹھانا چاہئے۔ ریلی کے شرکاء نے مصر اور شام کی افواج کیخلاف نعروں پر مبنی پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔