اے ٹی آئی دنیا کی کسی طاقت سے نہیں گھبرائے گی: شہیر سیالوی
Posted on February 27, 2014 By Geo Urdu سٹی نیوز
راولپنڈی (پ ر) گزشتہ ایک ماہ سے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپورکی انتظامیہ اور انجمن طلباء اسلام کے درمیان پھیلی ہوئی کشیدگی کے حوالے سے اے ٹی آئی کے ضلع ناظم اسلام آباد شہیر سیالوی نے کہا ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ اپنی کوتاہیاں چھپانے کے لئے معصوم طلباء کے مستقبل سے کھیل رہی ہے۔
انہوں نے پانچ کارکنان کی گرفتاری، 14 کارکنان پر دو سالہ تعلیمی پابندی، 134 کارکنان کے خلاف مقدمات کے حوالے سے کہا کہ اے ٹی آئی دنیا کی کسی طاقت کے سامنے جھکنے والی نہیں اور اگر اعلیٰ حکام نے معاملے کی سنگینی کو نہ سمجھا اور طلباء پر درج جھوٹے مقدمات واپس نہ لئے تو ہنگامی حالات کی ذمہ دار حکومت خود ہوگی ان خیالات کااظہار انہوں نے راولپنڈی، اسلام آباد کے مختلف تعلیمی اداروں کے ہنگامی دورے کے دوران کارکنان سے کیا۔
انہوں نے وائس چانسلر ڈاکٹر مختار بھارا کی جانب سے 14 طلباء پر دو سالہ تعلیمی پابندی اور سابق ناظم جامعہ احسان جٹ سمیت پانچ کارکنان کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات منظور نہ کئے گئے تو پارلیمنٹ کے سامنے دھرنا دیں گے اور بھوک ہڑتالی کیمپ لگائیں گے جبکہ اسلام آباد سمیت پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں تعلیمی بائیکاٹ بھی کیا جائے گا اس موقع پر طاہر رفیق گجر، ناظم اسلامی یونیورسٹی محمد شاہد اقبال، ناظم بارانی یونیورسٹی بلال گجر ،سجیل گجر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔