اسلام آباد (جیوڈیسک) وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو پاکستان لانے کے لیے وفاقی کابینہ امریکا کے ساتھ معاہدے کی منظوری کل دے گی، عافیہ صدیقی کو دہشت گردی نہیں بلکہ قاتلانہ حملے کے الزام میں سزا ہوئی ہے۔ سینیٹر طلحہ محمود کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی داخلہ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔
وزارت داخلہ کے حکام نے بتایا کہ عافیہ صدیقی کو پاکستان لانے کے لیے کونسل آف یورپ اور انٹرامریکن کنونشن کی سمریاں منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کا بھجوائی گئی ہیں۔ کابینہ دونوں معاہدوں میں سے کسی ایک کی منظوری دے گی اور معاہدے پر دستخط کے تین ماہ بعد اس پر عملدرآمد شروع ہوگا۔ وزارت خارجہ کے حکام نے بتایا کہ بیرون ملک جیلوں میں 7 ہزار 912 پاکستانی قیدہیں، یو اے ای میں 1800 ، بھارت میں 477 جبکہ چین کی جیلوں میں 206 پاکستانی قیدی ہیں۔