لاہور : نوجوان کالم نگاروں کی ملک گیر تنظیم ”پاکستان فیڈرل یونین آف کالمسٹ” (پی ایف یو سی) کے چیئرمین شہزاد چوہدری ، صدر فرخ شہباز وڑائچ ‘جنرل سیکریٹری محمد نورالہدیٰ ‘چیئرپرسن وومن ونگ بشریٰ اعجاز’ صدر وومن ونگ ڈاکٹرعارفہ صبح خان’سینئر نائب صدر فرید رزاقی’نائب صدر اختر ایوب خان’ڈپٹی جنرل سیکریٹری حسیب اعجاز عاشر’ایڈیشنل جنرل سیکریٹری عدنان عامر’سنٹرل آرگنائزر عمر عبدالرحمن جنجوعہ ‘سیکریٹری اطلاعات حافظ محمد زاہد’سیکریٹری کوآرڈینیشن ایم ایم علی ، سیکرٹری فنانس طاہر درانی سمیت تنظیم کے دیگر عہدیداران نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے حوالے سے حکومتی خاموشی پر اظہار تشویش کیا اور استفسار کیا ہے کہ عافیہ صدیقی کی واپسی میں عدم دلچسپی کا مظاہرہ کرنا کس خارجہ پالیسی کو آشکار کر رہا ہے۔
فرخ شہباز وڑائچ اور ڈاکٹر عارفہ صبح خان نے کہا کہ وزیراعظم عافیہ صدیقی کی رہائی کے حوالے سے انتخابات سے قبل کئے گئے اپنے وعدے پر چشم پوشی اختیار کئے ہوئے ہیں اور اس ضمن میں کئی نادر مواقع گنوا چکے ہیں ، یہاں تک کہ ایک خط لکھنے سے بھی کترا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والا فرد مسلسل حکومت سے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کررہا ہے مگر حکومت پراسرار خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر امریکہ عافیہ صدیقی کی رہائی بارے سنجیدہ ہے تو حکومت کی غیرسنجیدگی سمجھ سے بالاتر ہے ۔ پی ایف یو سی کے مرکزی صدر فرخ شہباز وڑائچ اور صدر وویمن ونگ ڈاکٹر عارفہ صبح خان نے پاکستان فیڈرل یونین آف کالمسٹ کے ممبران کو ہدایات دی ہیں کہ وہ قوم کی مقید بیٹی کی رہائی کے حوالے سے فی الفور قلمی مہم کا آغاز کریں اور اپنی تحاریر کے ذریعے نہ صرف حکومت پر اس ضمن میں دبائو ڈالیں بلکہ عالمی برادری بالخصوص امریکہ کو بھی پیغام دیں کہ وہ خیرسگالی جذبے کے تحت عافیہ صدیقی کو پاکستان واپس بھیجنے کے اقدامات کرے۔ جاری کردہ محمد نورالہدیٰ (جنرل سیکرٹری، پی ایف یو سی)