اسلام آباد (جیوڈیسک) جمہوری وطن پارٹی کے صوبائی صدر نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے کہا ہے کہ میر عالی بگٹی سرکاری سردار تھے ہم ڈیرہ بگٹی کے حقیقی وارث ہیں۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبد المالک ذاتیات پر اتر آئے ہیں اگر وہ ہزارہ برادری کے پاس جاسکتے ہیں تو بگٹی مہاجرین کے پاس چل کر کیوں نہیں آسکتے کیا بگٹی مہاجرین پاکستان کے شہری نہیں ہیں، براہمداغ بگٹی سے ہمارا رابطہ نہیں وہ ملک سے باہر ہیں، وزیر اعظم میاں نواز شریف فوری مداخلت کر کے سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کروائیں تاکہ کسی قسم کی خون ریزی نہ ہو۔
شاہ زین بگٹی کا کہنا تھا کہ ہم اپنے آبائی علاقے میں جا کر کون سا جرم کر رہے ہیں کہ ہمیں وہاں جانے سے روکا جا رہا ہے ڈیرہ بگٹی میں لاکھوں بگٹی عرصہ دراز سے رہ رہے ہیں اور وہاں ہمارے آبا و اجدا کی قبریں ہیں۔