ملتان (جیوڈیسک) غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ کے مطابق این اے 149 کے انتخابی دنگل میں عامر ڈوگر نے جاوید ہاشمی کو پچھاڑ دیا۔ عامر ڈوگر 11 ہزار سے زائد ووٹ سے کامیاب ہوئے۔ عامر ڈوگر نے 58219 اور جاوید ہاشمی نے 47107 حاصل کیے۔ عامر ڈوگر کی کامیابی پر تحریک انصاف کے کارکنوں میں بھی جوش و خروش۔
عامر ڈوگر کے ڈیرے پر جشن کا سماں، بھنگڑے ، آتش بازی، ہوائی فائرنگ اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ این اے 149 کے ضمنی انتخاب کی پولنگ صبح آٹھ بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی ۔ حلقے میں 286 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے تھے جن میں سے 90 پولنگ سٹیشن حساس اور 16 انتہائی حساس قرار دیئے گئے تھے۔ حساس پولنگ سٹیشنز پر رینجرز تعینات کی گئی جبکہ 4 ہزار سے زائد پولیس اہلکار بھی الیکشن ڈیوٹی پر مامور ہیں۔ متعدد پولنگ سٹیشن پر عملہ اور سامان نہ پہنچنے کے باعث ووٹرز کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تاہم پولنگ عملہ، بیلٹ پیپرز اور دیگر سامان پہنچنے کے بعد پولنگ شروع ہو گئی۔
شمس آباد میں خواتین پولنگ اسٹیشن پر پر مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے کارکنوں کا آمنا سامنا ہو گیا۔ دونوں جماعتوں کے ڈنڈا بردار کارکنوں کا ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ پریزائڈنگ آفیسر نے پولنگ روک دی کچھ دیر کیلئے پولنگ روک دی تھی۔ تاہم رینجرز نے پہنچ کر حالات کو کنٹرول کر لیا۔ نواز لیگ کی افشین بٹ نے دھاندلی کا الزام لگا دیا۔ حلقہ این اے 149 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 41 ہزار 527 ہے۔ ان میں سے ایک لاکھ 85 ہزار 862 مرد ووٹرز جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 55 ہزار 665 ہے۔ مردوں کے لئے 144 جبکہ خواتین کے لئے 142 اور 774 پولنگ بوتھز بنائے گئے تھے۔ ضلع بھر میں آج عام تعطیل اور دفعہ 144 نافذ رہا۔
انتخابی دنگل میں مسلم لیگ نواز کے حمایت یافتہ جاوید ہاشمی اور پاکستان تحریک انصاف کی ہمدردیاں حاصل کرنے والے آزاد امیدوار عامر ڈوگر کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔ واضح رہے کہ 2013 کے عام انتخابات میں اس حلقے سے جاوید ہاشمی نے تحریک انصاف کے امیدوار کی حیثیت سے کامیابی حاصل کی تھی تاہم تحریک انصاف کی جانب سے استعفے جمع کرانے کے بعد ان کے پارٹی چیئرمین عمران خان سے اختلافات پیدا ہوگئے تھے جس کے بعد انہوں نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران استعفے کا اعلان کر دیا تھا۔