عامر فاروقی محکمہ پولیس اور عوام کیلئے فخر ہیں۔ افتخار شالوانی

FIRDOS ITEHAAD

FIRDOS ITEHAAD

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے کہا ہے کہ DIGP ایسٹ عامر احمد فاروقی محکمہ پولیس اور عوام کیلئے ایک فخر ہیں اور انکی خدمات پر انکو جتنا بھی خراج تحسین ادا کیا جائے کم ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فردوس اتحاد سوشل اینڈ اسپورٹس ویلفیئر آرگنائزیشن کی جانب سے عامر احمد فاروقی کو محکمہ پولیس کی جانب سے نقد انعام اور ایوارڈ ملنے پر دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کمشنر کراچی نے کہا کہ عامر احمد فاروقی نے پولیس میں اپنی تعیناتی کے پہلے دن سے آج تک ہر قسم کی قربانی دیتے ہوئے عوام کی خدمت کی ہے اور اسی سلسلے میں انکو اس اعزاز سے نوازا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں ا س شہر کا کمشنر ہوں جہاں محکمہ پولیس کا آئی جی سندھ سے لیکر SHO تک عوام کی خدمت کررہا ہے اور عوام کے سکون کیلئے اپنی جان کا نذرانہ بھی دینے سے دریغ نہیں کررہا ہے انہوں نے کہا کہ میں محکمہ پولیس کو کراچی کی انتظامیہ کی جانب سے ہرقسم کے تعاون کا یقین دلاتاہوں اور امید کرتاہوں کہ وہ کراچی کے عوام کو امن ، محبت، اور بھائی چارگی کی فضاء برقرار رکھنے میں میری اور کراچی کی انتظامیہ کی مدد کرے گی۔

انہوں نے اس موقع پر فردوس اتحاد اور اس روح رواں غلام محمد خان کو عوام کی خدمات انجام دینے پر زبردست خراج تحسین ادا کیا ۔ اس موقع پر عامر احمد فاروقی نے کہا کہ میں نے جب پولیس میں نوکری کا آغاز کیا تو میرے والدین نے مجھے ایک نصیحت کی تھی کہ اگر اس ملک کے عوام کیلئے اپنی جان بھی قربان کرنی پڑے تو کردینا مگر اس ملک میں آنچ نہ آنے دینا اور میں نے انکی اس نصیحت پر بھرپور عملدرآمد کیا ہے اور اللہ تعالیٰ سے دعاگو ہوں کہ اگر اس ملک کیلئے میری جان چلی جائے کوئی پرواہ نہیں مگر میری زندگی میں اس ملک کو آنچ نہیں آنے دینا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی پولیس آئی جی سندھ کلیم امام کی قیادت میں شب و روز محنت کرکے اس شہر کے عوام کو سکون فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کررہی ہے تقریب سے فردوس اتحاد کے غلام محمد خان ، پاسوا کی صدر شاہدہ پروین کیانی کے علاوہ بیگم اسماء علی شاہ ، احمد علی راجپوت ، آصف عظیم ،ندیم احمد معاذ جی، حنیف خان، انجینئر سید محفوظ الحق ، خالد جمیل شمسی ، عظمت اللہ خان ، محمد ارشد،سندھ جوڈو ایسوسی ایشن کے سیکریٹری محمد رفیق ،پاکستان یوگا اسپورٹس فیدریشن کے سیکریٹری خالد بروہی ،گینز ورلڈ ریکارڈ ہولڈر ایتھلیٹ اورنگزیب سلطان اور تقریب کی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین فردوس کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی کے ایڈمنسٹریٹر حاجی محمود احمد قریشی نے بھی خطاب کیا ۔تقریب کی نظامت KMC کی ہیلتھ کمیٹی کی چیئرپرسن حاجیانی ناہید فاطمہ نے کی اس موقع پر عامر احمد فاروقی کو فردوس اتحاد کی جانب سے قائد اعظم گولڈ میڈل پیش کیا گیا جبکہ شاہدہ پروین کیانی نے تقریب کے تمام مہمانوں کو اپنی جانب سے سووینئر پیش کیئے ۔ تقریب میں امجد علی خان، محمد یعقوب ، محمد حیدر خان ، ارسلان خان ،ڈپٹی کمشنر سینٹرل فرحان غنی ، ADCکمال حکیم، ڈپٹی کمشنر سائوتھ سید صلاح الدین احمد اور اسسٹنٹ کمشنر ناظم آباد حسان طارق نے بھی شرکت کی۔