ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے سکھ کے روپ میں تصویر کی حقیقیت سامنے آگئی جس کے حوالے سے قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ وہ اپنی نئی آنے والی فلم میں سکھ کا کردار ادا کریں گے۔
بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے بیٹیوں کو بااختیار بنانے کی آگاہی مہم’’نئی سوچ‘‘ کے لیے ایک اشتہار میں کام کیا ہے جس میں وہ سکھ کے روپ میں مٹھائی فروخت کرتے نظر آرہے ہیں جب کہ اشتہار کی ہدایت کاری کے فرائض نتیش تیواری نے سرانجام دیئے ہیں۔
مسٹر فرفیکشنسٹ کے حوالے سے قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ وہ اپنی نئی آنے والی فلم ’’ ٹھگ آف ہندوستان‘‘ میں سکھ کے کردار میں نظر آئیں گے تاہم اب یہ راز افشا ہوا ہے کہ انہوں نے سکھ کا روپ کسی فلم کے لئے نہیں بلکہ بیٹیوں کے بااختیار بنانے کے لئے آگاہی مہم کے لئے اپنایا تھا۔
عامر خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر اشتہار شیئر کیا ہے جس میں عامر خان کا تعلق مڈل کلاس طبقے سے اور مٹھائی فروخت کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ 48 سیکنڈ کی اس ویڈیو میں ایک شخص عامر خان سے کاروبار میں ترقی کی وجہ پوچھتا ہے جسے عامر خان بیٹیوں کی محنت کا ثمر قرار دیتے ہیں۔
دوسری جانب عامر خان کی آگاہی مہم کا اشتہار سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہا ہے اورمداحوں کی جانب سے بھی اسے بے حد پسند کیا جارہا ہے جب کہ اداکار کا کہنا ہے کہ یہ اشتہار ان تمام باپ بیٹیوں کے لیے ہے جو معاشرے کی سوچ میں تبدیلی کا چراغ بننا چاہتے ہیں۔