عامر خان کو رئیلٹی شو میں سماجی مسائل اجاگر کرنے پر قتل کی دھمکیاں

Aamir Khan

Aamir Khan

ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ اداکار عامر خان کو رئیلٹی شو ‘ستیا میو جیاتی’ میں حساس نوعیت کے سماجی مسائل اجاگر کرنے پر جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں جب کہ مسٹر پرفیکٹ نے اس قسم کی تمام خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی وڈ کے مسٹر پرفیکٹ کا کہنا ہے اس قسم کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں کہ ‘ستیا میو جیاتی’ میں حساس نوعیت کے معاشرتی مسائل اجاگر کرنے کی وجہ سے ان کی زندگی کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے، کوئی دھمکی ملی ہے اور نہ ہی کسی دھمکی سے ڈرتا ہوں۔

عامر خان کا پروگرام کے حوالے سے کہنا تھا کہ ہمارا کام ٹی وی پر لوگوں کے مسائل کو اجاگر کرنا ہے، ہم ان مسائل پر اعداد و شمار پیش کرتے ہیں اور پھر قانون کے مطابق بات کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میری خواہش ہے کہ لوگ اس مہم میں شریک ہوں اور صحیح چیزوں کے حوالے سے ثابت قدم رہیں، ذاتی طور پر خواتین کی ترقی کا حامی ہوں۔

واضح رہے کہ بھارتی میڈیا میں اس قسم کی خبریں زیر گردش ہیں کہ عامر خان کو ’ستیا میو جیاتی’ کے سیزن ٹو میں 2014 کے عام انتخابات اور خواتین کے حساس معاملات اٹھانے پر جان سے مارنے کی دھمکیوں کے بعد مسٹر پرفیکٹ نے بلٹ پروف گاڑی کا مطالبہ کیا ہے۔