کراچی (جیوڈیسک) پاک سر زمین پارٹی نے آل پاکستان مسلم لیگ کی 17 وکٹیں ایک ساتھ اڑا دیں۔ اے پی ایم ایل کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور سابق صدر پرویز مشرف کی ترجمان آسیہ اسحاق نے 16 ساتھیوں سمیت پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کر دیا۔
آسیہ اسحاق کا کہنا تھا کہ انکی پی ایس پی میں شمولیت کے حوالے سے سابق صدر پرویز مشرف کو علم ہے۔ پی ایس پی کے رہنما مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ اب ایسا بھی نہیں ہے کہ انکی جماعت کے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں کچھ لوگ ایسے ہیں جنہیں وہ اپنی جماعت میں جگہ نہیں دے سکتے۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ فاروق ستار پہلے یہ بتائیں کہ وہ را کے ایجنٹ ہیں یا نہیں ۔ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ وہ ایم کیو ایم کے بھٹکے ہوئے لوگوں کے لیے عام معافی کی بات کرتے ہیں اور انکو بہکانے والوں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔