ایبٹ آباد( پ ر)ایبٹ آباد ڈی ای او ایجوکیشن میں اساتذہ اور ملازمین کی جانب سے نامزد ملزم ڈی ای او ایبٹ آباد ریاض سواتی کیخلاف پرچہ درج نہ ہونے اور ضلعی انتظامیہ کا معاہدہ پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے ہزارہ بھر بالخصوص ضلع ایبٹ آباد کے اساتذہ ملازمین درجہ چہارم اور کلرکوں میں بے چینی زور پکڑ گئی،ضلعی انتظامیہ ملازمین کے استحصال اور افسران کی بالواسطہ حمایت و پشت پناہی کر کے ملازمین کا مزید امتحان نہ لے ،آل گورنمنٹ ایمپلائز کوارڈینیشنز کونسل کسی بھی غیر منصفانہ اور یک طرفہ فیصلے کیخلاف بھرپور مزاحمت کرے گی۔
اس کے نتیجہ میں پیدا ہونیوالے حالات کی ذمہ داری ملازمین پر عائد نہیں ہو گی ان خیالات کا اظہار آل گورنمنٹ ایمپلائز کوارڈینیشن کونسل ہزارہ کے میڈیا سیل کے انچارج اور اے ٹی اے ہزارہ کے پریس سیکرٹری محمد طارق یوسف نے کیا انہوں نے محکمہ تلعیم کی ضلعی انتظامیہ اساتذہ کے مسائل کے حل کیلئے اٹھنے والی آوازوں کو ہتک آمیز رویے کے ذریعے ٹال مٹول کرنا اور دبانا چاہتی ہے۔
بعض شر پسند عناصر مسائل کو حل کرنے کے بجائے طول دے رہے ہیں اور بالخصوص ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے تمام وعدے روایتی حربے ثابت ہو رہے ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ مذکورہ تھپڑ کیس کی مکمل اور غیر جانبدار انکوائری مکمل ہونے تک ریاض سواتی ڈی او کو غیر فعال کیا جائے کیونکہ وہ ملازمین کیخلاف انتقامی کاروائی کررہے ہیں۔