ایبٹ آباد آپریشن کی رپورٹ فوج کیخلاف منظم کارروائی ہے، ریٹائرڈ جنرل حمید گل

General Hameed Gul

General Hameed Gul

ایبٹ آباد(جیوڈیسک) آئی ایس آئی کے سابق سربراہ ریٹائرڈ جنرل حمید گل نے ملکی موجودہ صورتحال میں ایک بیرونی چینل کے ذریعہ سانحہ ایبٹ آباد پر رپورٹ افشا کرنے کے عمل کو مسلح افواج اور آئی ایس آئی کے کردار کو مشکوک بنانے کی منظم کارروائی ہے۔ لاہور میں ذرائع سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے صورتحال کے حوالے سے چیف جسٹس افتخار چوہدری کی توجہ مبذول کرائی ہے اور کہا ہے کہ اس بات کا نوٹس لیا جانا چاہئے۔

اور اس کی تحقیقات ہونی چاہئے کہ مذکورہ رپورٹ ملکی ذرائع کی بجائے بیرونی چینل کو کس نے فراہم کی۔رپورٹ افشا کرنے کا مقصد اور ٹائمنگ کی اہمیت کیا ہے اور اس مرحلہ پر عسکری سیاسی اور خفیہ لیڈر شپ سے معافی منگوانے کا عمل اور مطالبہ کس ایجنڈا کے تحت کس کی خوشی کیلئے ہے۔

انہوں نے فوج اور آئی ایس آئی کو ٹارگٹ بنانے کے عمل کو دشمن کا ایجنڈا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپنی ہی فوج اور آئی ایس آئی کو بے توقیر کرنے کا عمل ظاہر کر رہا ہے کہ کچھ لوگ اس ایجنڈا پر گامزن ہو کر دشمن کے مقاصد کیلئے کام کر رہے ہیں جنہیں بے نقاب کیا جانا چاہئے۔