ایبٹ آباد (جیوڈیسک) ایبٹ آباد کے گاؤں میں لینڈ سلائیڈنگ سے مرکزی شاہراہ بند ہوگئی ہے۔ گھروں کو نقصان پہنچنے کے خدشے کے تحت لوگوں نے نقل مکانی شروع کردی ہے۔
تحصیل حویلیاں کے گاؤں پونا میں رات گئے پہاڑ کا ایک حصہ سرک کر سڑک اور دوڑ نامی ندی میں جا گرا جس سے مرکزی سڑک بند ہوگئی اور ندی میں پانی کا بہاؤ رک گیا، لینڈ سلائیڈنگ سے 50 سے زائد گھروں کو بھی نقصان پہنچنے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔
جس کے بعد متعدد لوگوں نے اپنے عزیزوں کے گھروں میں پناہ لےلی ہے۔ پی ڈی ایم اے یا مقامی انتظامیہ نے اب تک متاثرہ علاقے کا دورہ نہیں کیا، مقامی کونسلر سردار نواز نے جیو نیوز کو بتایا ہے کہ حالیہ زلزلے کے بعد پہاڑ میں ایک چھوٹی دراڑ نمودار ہوئی جس کے بعد پہاڑ کا ایک بڑا حصہ سرک گیا۔