عبدالرشید غازی کا قتل، مشرف کیخلاف مقدمہ درج نہ کرنے پر ایس ایس پی، ایس ایچ او طلب

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف عبدالرشید غازی کے قتل کا مقدمہ درج نہ کرنے پر ایس ایس پی ڈاکٹر رضوان اور ایس ایچ او آبپارہ قاسم نیازی کو ریکارڈ سمیت طلب کر لیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس نور الحق قریشی نے پولیس افسران کے خلاف توہین عدالت کی۔

کارروائی کرنے سے متعلق درخواست پرسماعت کی، درخواست گزار ہارون الرشید غازی نے موقف اختیار کیا کہ میرے والد عبدالرشید غازی کو لال مسجد آپریشن میں قتل کیا گیا، میرے والد کے قتل کے ذمہ دار اس وقت کے صدر پرویز مشرف ہیں۔

سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود پولیس حکام پرویز مشرف کے خلاف مقدمہ درج نہیں کر رہے۔ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر پولیس حکام کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایس ایس پی اسلام آباد پولیس ڈاکٹر رضوان اور ایس ایچ او آبپارہ قاسم نیازی کو ریکارڈ سمیت طلب کرتے ہوئے سماعت 2 ستمبر تک ملتوی کر دی۔