لاہور (جیوڈیسک) عبدالرزاق نے دوبارہ گرین شرٹ زیب تن کرنے کا عزم کر لیا، ان کا کہنا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کر فارم اور فٹنس ثابت کروں گا،انھوں نے قومی ٹیم کیلیے ملکی کوچ کی حمایت کرتے ہوئے عاقب جاوید اور اعجاز احمد کو بہترین انتخاب قراردے دیا، آل راؤنڈر کا کہنا ہے کہ وقار یونس نے پاکستان کرکٹ کوناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔
تفصیلات کے مطابق نظر انداز ٹیسٹ کرکٹر عبدالرزاق نے ایک انٹرویو میں امید ظاہر کی کہ میرٹ پر ان کا قومی ٹیم کیلیے انتخاب ہوگا، انھوں نے کہا کہ میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کر اپنی فارم اور فٹنس ثابت کروں گا،ایک بار پھر ملک کی نمائندگی کیلیے تیار ہوں، اس کیلیے اپنی مکمل کرکٹ کٹ بھی تیار کررکھی ہے۔ آل راؤنڈر نے وقار یونس کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا، انھوں نے کہاکہ سابق ہیڈ کوچ نے پاکستان کرکٹ کوناقابل تلافی نقصان پہنچایا، سابق کپتان جو بھی کہیں اب ان کو یہ بات مان لینی چاہیے کہ گذشتہ کچھ عرصے میں سامنے آنے والی گرین شرٹس کی ناقص کارکردگی میں ان کا بھی بڑا ہاتھ تھا،انھوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کرکٹ میں کوئی اچھا مشیر نہیں ہے۔
پی سی بی میں ایسے جوہر شناس افراد موجود نہیں جو باصلاحیت کھلاڑیوں کی کارکردگی کو پرکھ کر انھیں قومی ٹیم کا حصہ بنا سکیں، پاکستان کرکٹ اب تک جس غیر پیشہ ورانہ انداز میں چلائی گئی ایسے میں گرین شرٹس کو افغانستان جیسی نوآموز ٹیم بھی ہرا دے گی۔
ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ کوچ ملکی ہو یا غیر ملکی اس بحث کی ضرورت نہیں، پاکستانی کرکٹرز کیلیے کوچ پاکستانی ہی ہونا چاہیے، اس ذمہ داری کیلیے عاقب جاوید اور اعجاز احمد بہترین انتخاب ہیں، دونوں ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے، کھلاڑیوں کے مزاج، مسائل، قومی ٹیم کی ضروریات سے آگاہ اور اس کا طویل تجربہ بھی رکھتے ہیں، ان کی رہنمائی سے گرین شرٹس کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آسکتی ہے۔آل راؤنڈر نے کہا کہ انضمام الحق کی بطور چیف سلیکٹر تقرری خوش آئند ہے،سابق کپتان اپنے وسیع تجربے کی بدولت سلیکشن معاملات کو درست سمت میں گامزن کرسکتے ہیں۔