عبدالرزاق نے ٹیم سے باہر ہونے کا ذمہ دار ہیڈ کوچ وقار یونس کو قرار دیدیا

Abdul Razzaq

Abdul Razzaq

کراچی (جیوڈیسک) آل راؤنڈر عبدالرزاق نے ٹیم سے باہر ہونے کا ذمہ دارہیڈ کوچ وقار یونس کو قرار دیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ سابق پیسرکا اپنا ایک ایجنڈا ہے، وہ سینئر کھلاڑیوں کو ٹیم میں نہیں دیکھنا چاہتے، انھوں نے نہ صرف مجھے اور محمد یوسف کو ٹیم سے نکالا بلکہ شاہد آفریدی کے خلاف بھی محاذ کھولا۔ عبدالرزاق نے کہا کہ جب تک وقار چیف کوچ ہیں میری قومی ٹیم میں واپسی نہیں ہوسکتی۔

انھوں نے بورڈ پر بھی پالیسیز میں تسلسل برقرارنہ رکھنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ جب پہلے دور میں وقار یونس کنٹریکٹ کے وسط میں ہی اپنی ذمہ داری چھوڑ کر چلے گئے تھے تو پھر انھیں دوبارہ یہ عہدہ کیوں دیا گیا۔

عبد الرزاق کا کہنا تھا کہ جب شاہد آفریدی کپتان تھے تو ان کے خلاف وقار نے ویسٹ انڈیز میں محاذ کھولا اور واپسی پر ان کے خلاف رپورٹ بھی دی۔ عبدالرزاق نے مزید کہا کہ مصباح الحق ٹیسٹ کے اچھے بیٹسمین لیکن محدود اوورز کے فارمیٹس کے کھلاڑی نہیں ہیں، انھیں ورلڈ کپ میں اپنے انداز کو تبدیل کرنا ہوگا۔