عبدالستار ایدھی کی نماز جنازہ پر سکیورٹی کے سخت انتظامات

Rangers

Rangers

کراچی (جیوڈیسک) عبدالستار ایدھی کی نماز جنازہ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ادا کی جائے گی جس میں ملک بھر سے اہم شخصیتیں شرکت کریں گی۔ نیشنل سٹیڈیم اور اس کے اطراف سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، فوجی جوان اور رینجرز اہلکار سٹیڈیم میں موجود ہیں۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں عبدالستار ایدھی کی نماز جنازہ کے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے ۔ سٹیڈیم کے اندر رینجرز اور فوج کے جوان تعینات کر دئیے گئے ہیں۔

پاک فوج کے جوان میت کو سلامی دیں گے جس کی ریہرسل کی گئی ۔ رینجرز کے 3 سو سے زائد اہلکار اور کمانڈوز تعینات ہیں ان کے ساتھ سراغ رساں کتے بھی ہیں ۔ آر آر ایف پولیس کے 150 سے زائد کمانڈوز بھی سیکورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں ۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کی ٹیمیں پہنچ گئی ہیں جو جدید آلات کی مدد سے سوئپنگ میں مصروف ہیں۔

سٹیڈیم کے اطراف دور دور تک سیکورٹی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں ۔ نماز جنازہ میں عام لوگوں کی شرکت کے لئے سٹیڈیم کے گیٹ نمبر 6 اور 7 مختص کئے گئے ہیں جبکہ اہم شخصیات کے لئے علیحدہ گیٹ مختص کیا گیا ہے۔

نماز جنازہ میں ملک بھر سے اہم شخصیات شرکت کریں گی۔ یہ پہلا موقع ہے کہ نشینل سٹیڈیم میں کسی کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔

دوسری جانب سپر ہائی وے پر واقع ایدھی ہوم میں عبدالستار ایدھی کی قبر 25 سال قبل بنائی گئی تھی اس قبر کی صفائی کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔