ٹیکسلا (ڈاکٹر سید صابر علی سے) مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ سرفراز اصغر نے کہا ہیء کہ عبدالستار ایدھی قوم کے مسیحا تھے، دوسروں کے لئے قربانی کا جذبہ ان میں کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا تھا،عبدالستار ایدھی بلا شبہ پاکستان کا فخر تھے،خدمت ، محبت ، سچائی اورسادگی کے پیکر تھے،لاکھوں بے آسرا ، یتیموں کا سہارا تھے،مظلوموں کے دکھ بانٹنا انکا شیوہ تھا،انسانیت کی بھلائی کی سوچ رکھنے والے عظیم انسان تھے، رہتی دنیا تک انکا نام زندہ رہے گا،انکی فلاحی خدمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے بیان میں کیا ، راجہ سرفراز اصغر کا کہنا تھا کہ عبدالستار ایدھی نے اپنی تمام زندگی انسانیت کی خدمت کے لئے وقف کر رکھی تھی،دنیا ایک عظیم سماجی شخصیت سے محروم ہوگئی،بے لوث سماجی خدمات کے حوالے سے ایدھی نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اپنی منفرد شناخت رکھتے تھے،ایسے فقیر منش، درویش صفت شخصیات صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں،عبدالستار ایدھی پاکستان کا فخر اور پہچان تھے،انکی وفات قومی نہیں بلکہ بین الاقوامی سانحہ ہے،محسن انسانیت عبدالستار ایدھی انسانیت کو یتیم کر گئے،انھوں نے اللہ کی طرف سے دیئے گئے اس اعزاز کا حق با خوبی ادا کیا،عبدالستار ایدھی اس شعر کی جیتی جاگتی تصویر تھے۔
درد دل کے واسطے پیدا کیا انسان کو، ورنہ اطاعت کے لئے کچھ کم نہ تھے کروبیاں،ایدھی صاحب نے پاکستان اور دنیا بھر میں ایدھی فاوئڈیشن کے تحت فلاحی ادارے ایدھی سنٹر،جھولہ، پاگل خانہ،ایدھی ولیج،ایدھی چائلڈ سنٹر، یتیم خانے، اولڈ ایج ہاؤس، منشیات کے عادی افراد کی بحالی، بلڈ بنک اور خواتین کے لیے آشیانہ وغیرہ قائم کئے جو پورے ملک میں کام کر رہے ہیں،دعا ہے کہ اللہ تبارک و تعالیٰ عبدالستار ایدھی کو جنت الفردوس میں جگہ دے اورا نکے درجات بلند کرے۔