برمنگھم (جیوڈیسک) اقوام متحدہ میں گلوبل ایجوکیشن کے مشیر اور ملالہ یوسف زئی کے والد ضیاءالدین یوسف زئی نے انسانی خدمت کے علمبردار عبدالستار ایدھی کے لیے نوبیل ایوارڈ کی پٹیشن دے دی ۔
برمنگھم میں ضیاءالدین یوسف زئی کا کہنا تھا کہ عبدالستار ایدھی ایسے ہی غیر معمولی ایوارڈ کے قابل عالی مرتبت انسان ہیں، پٹیشن پر ملالہ یوسف زئی نے بھی دستخط کیے ہیں،جس میں عبدالستار ایدھی کو نوبیل امن ایوارڈ برائے 2016 کے لیے نامزد کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
ملالہ یوسف زئی کا کہنا تھا کہ عبدالستار ایدھی نے پاکستان میں معاشرے کے کچلے ہوئے نہایت غریب اور پس ماندہ افراد کی خدمت کا بیڑہ اٹھایا ہوا ہے، جن کی آواز سننے والا کوئی نہیں ۔
ملالہ یوسف زئی کے والد نے بھی سب سے ایدھی صاحب کی نوبیل پیس ایوارڈ کے لیے نامزدگی کی پٹیشن پر دستخط کرنے کی درخواست کی ہے۔