سکھر (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی کے انتقال سے وہ لوگ جو پہلے ہی یتیم تھے ایک بار پھر یتیم ہو گئے ہیں۔ عبدالستار ایدھی کی خدمات ناقابل فراموش ہیں اور ان کی خدمات ہمارے لیے مشعل راہ بن سکتی ہیں۔
اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ایدھی صاحب ایک فقیر منش فرشتہ صفت انسان تھے اور انہوں نے اپنی زندگی میں ثابت کر دکھایا کہ صرف اپنے لیے نہیں دوسروں کے لیے بھی جینا چا ہیئے ، ان جیسے لوگ صدیوں میں پیدا ہو تے ہیں اور موجودہ صدی میں تو ان جیسے لوگ شاید ہی پیدا ہوں۔
ان کے انتقال پر صرف پاکستان ہی نہیں پوری دنیا دکھی ہے اور دنیا میں ایسی کم ہی شخصیات ہوتی ہیں جن کو پوری دنیا خراج عقیدت پیش کرتی ہے ، اور ایدھی صاحب ان شخصیات میں سے ایک تھے ان کا کہنا تھا کہ عبدالستار ایدھی کی اندرون ملک و بیرون ملک جو خدمات ہیں ان کو ہم بھی اپنے مشعل راہ بنا سکتے ہیں ، اور میری دعا ہے کہ اللہ پوری قوم کو یہ توفیق دے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایدھی صاحب کے ادارے کی طرز پر ہم نے بھی سندھ میں ادارے بنائے ہیں مگر وہ ابھی چھوٹے ہیں ان کی بہتری میں ابھی وقت لگے گا ، اس طرح کے ادارے سکھر ، کراچی اور نواب شاہ میں کام کر رہے ہیں اور یہ ادارے ایدھی صاحب کے ادارے سے متاثر ہو کر بنا ئے گئے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ایدھی صاحب کی خدمات کو دیکھ کر کئی لو گ سماجی خدمت کے میدان میں آئے ہیں اور کام کر رہے ہیں۔