کراچی (اسٹاف رپورٹر) معروف سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کے انتقال پر پاکستان سولنگی اتحاد کے تعزیتی اجلاس میں ایدھی صاحب کی مغفرت وایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی و فاتحہ خوانی اور درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔
ان کی خدمات و کردار کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے پاکستان سولنگی اتحاد کے سینئر و بزرگ رہنما امیر سولنگی نے اکرم سولنگی ‘ شبیر سولنگی ‘ راحیل سولنگی ‘ خادم حسین سولنگی ‘ ایڈوکیٹ کرم اللہ سولنگی ‘ ایڈوکیٹ اقبال سولنگی‘ رمضان سولنگی ‘ بشیر سولنگی ‘ ارشاد سولنگی ‘ گل شیر سولنگی‘ عابد سولنگی ‘ ندیم سولنگی ‘ عباس سولنگی‘ ایاز سولنگی ‘ نعمت اللہ سولنگی ‘ صالح سولنگی اور ڈاکٹر قدیر سولنگی نے کہا کہ عبدالستار ایدھی کی رحلت سانحہ جانگداز اور خدمت انسانیت کے شعبہ کا خلاءہی نہیں بلکہ سادگی دیانت ‘ خدمت ‘ ایثار ‘ اخوت ‘ محبت ‘ شفقت اور عزم و استقلال کے سانچہ میں ڈھلے ایک ایسے شفیق انسان کی جدائی بھی ہے۔
جس کا نعم البدل کبھی نہیں مل سکتا کیونکہ اس کی شفقت ‘ محبت اور خدمت جانبداری سے پاک ہی نہیں بلکہ رنگ و نسل ‘ مذہب و مسلک ‘ زبان و ذات اور ملک و قوم کے تعصبات سے بالاتھی وہ دنیا کے ہر کونے اور ہر خطے میں بسنے والے ہر رنگ ‘ ہر نسل ‘ ہر مذہب ‘ ہر مسلک ‘ ہر زبان ‘ ہر ذات اور ہر قوم و ہر ملک کے انسان سے یکساں محبت اور شفقت کے جذبات رکھتے۔
ہر ایک کی خدمت کیلئے ہمہ وقت تیار رہتے تھے اور ایدھی جیسا منفرد و یگانہ انسان اس دورِ ابتلاءمیں اب دوبارہ کبھی پیدا نہیں ہوسکے گا۔