کراچی (جیوڈیسک) وفاقی وزارت خزانہ نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبداللہ ذکی کو ایف بی آر کی ٹیکس ایڈوائزری کونسل کا ممبر نامزد کر دیا ہے۔ ٹیکس ایڈوائزری کونسل کے قیام کا مقصد ٹیکس سے متعلق امور کو بہتر بنانا اور بہتر ٹیکس پالیسیوں وضع کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیکس حکمت عملی کو موثر بنانے کے لیے تجاویز پر عمل درآمد یقینی بنانا ہے۔ ایف بی آر کے مطابق ٹیکس ایڈوائزی کونسل میں تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس، شعبہ تعلیم، سینئر ٹیکس کنسلٹنٹس، کسٹمز، آئی آر ایس کے ریٹائرڈ افسران، صنعتکار اور چاروں صوبوں کے مختلف چیمبرز آف کامرس کے صدور شامل ہیں۔
کراچی چیمبر کے صدر عبداللہ ذکی نے ٹیکس ایڈوائزری کونسل کے قیام کا خیر مقدم کیا اور کے سی سی آئی کو نمائندگی دینے پر مسرت کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے پالیسیاں مرتب کرنے کے عمل میں اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرناخوش آئند ہے جس سے تاجر برادری کوٹیکسوں سے متعلق طویل عرصے سے درپیش مسائل کے خاتمے میں خاطر خواہ مدد میسر آئے گی، اس اقدام کے نتیجے میں ایف بی آر کا ٹیکس جمع کرنے کا نظام مزید موثرہو گا اور ٹیکس ایڈوائزری کونسل میں شامل اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت بھی کی جا سکے گی،ٹیکس نظام میں بعض خامیاں ٹیکس دہندگان کے لیے مشکلات کا باعث بنی ہوئی ہیں جسے دور کرنے کی ضرورت ہے۔
عبداللہ ذکی نے دیگر اداروں میں بھی اسی طرز کی کونسلز بنانے کی تجویز دیتے ہوئے امید ظاہرکی کہ حکومت اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لینے کی اس حکمت عملی پر عمل پیرا رہے گی۔