عابد شیر علی اپنے تبصرے پر خیبرپختونخوا کے عوام سے معافی مانگے، سراج الحق

Siraj-Ul-Haq

Siraj-Ul-Haq

پشاور (جیوڈیسک) خیبر پختون خوا کے سینئر وزیر سراج الحق نے وفاقی وزیر مملکت عابد شیر علی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے ریمارکس پر خیبر پختون خوا کے تین کروڑ عوام سے معافی مانگیں۔ پشاور میں مرکز اسلامی کے میڈیا سیل میں بات چیت کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ بجلی خیبر پختون خوا کی پیدوار ہے اور واپڈا ہمارے صوبے کا اربوں روپے کا مقروض ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور اس کے ماتحت ادارے سب سے زیادہ نادہندہ ہیں۔

سینئر وزیر نے کہا کہ ملک میں امن قائم کرنے کے لیے وفاقی حکومت کو طالبان کے ساتھ مذاکرات کا باقاعدہ آغاز کرنا چاہیے۔انہوں نے بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ اِس سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ خیبر پختون خوا حکومت جلد جامع بلدیاتی نظام متعارف کرائے گی۔