عابد علی اور رضوان کی سنچریاں رائیگاں: آسٹریلیا کی پاکستان کو مسلسل چوتھی شکست

Australia vs Pakistan

Australia vs Pakistan

دبئی (جیوڈیسک) پانچ ایک روزہ میچز کی سیریز کے چوتھے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 6 رنز سے ہرا دیا۔

آسٹریلیا کے 278 رنز کے ہدف میں قومی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بناسکی۔

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ایرون فنچ اور عثمان خواجہ نے کیا لیکن ایرون فنچ 17 رنز بنا کر محمد حسنین گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

شان مارش، پیٹر ہینڈس کومب اور اسٹونس بھی یکے بعد دیگرے جلد ہی پویلین لوٹ گئے جب کہ عثمان خواجہ نے 62 رنز کی اچھی اننگز کھیلی۔

پانچ کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد گلین میکسویل اور ایلکس کیرے نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور دونوں کھلاڑیوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔

میکسویل 98 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جب کہ کیرے نے 55 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے محمد حسنین، عماد وسیم اور یاسر شاہ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے دیئے گئے 278 کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز شان مسعود اور عابد علی نے کیا لیکن شان مسعود پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے بولڈ ہو گئے۔

پاکستان کو دوسرا نقصان حارث سہیل کی صورت میں ہوا جو 25 رنز بنا کر ناتھن لیون کی گیند پر گلین میکسویل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

دو کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد اپنا پہلا میچ کھیلنے والے نوجوان بلے باز عابد علی نے وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہمراہ ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا۔

عابد علی نے اپنے ون ڈے کیرئیر کے پہلے ہی میچ میں 8 چوکوں کی مدد سے شاندار سنچری اسکور کی۔

عابد علی پاکستان کی جانب سے ڈیبیو پر سنچری کرنے والے تیسرے کھلاڑی بن گئے ہیں، اس سے قبل اپنے پہلے ایک روزہ میچ میں سنچری کرنے والوں میں سلیم الٰہی اور امام الحق شامل ہیں۔

عابد علی اور محمد رضوان نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 144 رنز کی پارٹنر شپ بنائی تاہم 218 کے مجموعی اسکور پر عابد علی 112 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

عابد علی کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان بیٹنگ لائن لڑکھرا گئی اور عمر اکمل، سعد علی اور عماد وسیم ڈبل فگر میں داخل ہوئے بغیر پویلین لوٹ گئے۔

محمد رضوان بھی 104 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد گرین شرٹس مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بناسکی۔

عابد علی اور محمد رضوان کی سنچریاں بھی رائیگاں گئی اور قومی ٹیم کو 6 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ 5 ایک روزہ میچز کی سیریز میں پاکستان کی مسلسل چوتھی شکست ہے۔

گرین شرٹس کی جانب سے عابد علی 112 اور محمد رضوان 104 رنز بناکر نمایاں رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے کولٹر نائل نے 3 اورمارکوس اسٹوئینس نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔