اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر مملکت عابد شیر علی نے جمشید دستی کو پارلیمنٹ کی وینا ملک قرار دے دیا۔ کہتے ہیں جمشید دستی کا ذہنی توازن درست نہیں۔
وفاقی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے جانے سے پہلے جمشید دستی کو اسکینڈل کوئن وینا ملک قرار دے دیا۔ صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمشید دستی کا ذہنی توازن درست نہیں۔
ادھر جمشید دستی بھی آج اسپیکر کو پارلیمنٹ لاجز کی سرگرمیوں کے ثبوت پیش کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر سے ملاقات میں وہ پارلیمنٹ لاجز کا معاملہ بیان کریں گے اور اس کے بعد وہ اپنا لائحہ عمل طے کریں گے۔
جمشید دستی کا کہنا تھا کہ آج اسپیکر قومی اسمبلی کو پارلیمنٹ لاجز میں غیر اخلاقی سرگرمیاں کے ثبوت پیش کر دیں گے، اسمبلی رکنیت جاتی ہےتو جائے لیکن وہ سچ بولنا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے اسپیکر سے مطالبہ کیا کہ ملوث ارکان کے خلاف کارروائی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ ارکان حقیقت کو سیاسی رنگ دے رہے ہیں، آزاد کمیشن بن جائے تو سارے ثبوت بھی سامنے آ جائیں گے پوری قوم ثبوت دیکھے گی اور دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا۔ جمشید دستی کا کہنا تھا کہ کسی کے ساتھ ذاتی لڑائی نہیں، حقیقت عوام کے سامنے لائیں گے۔