عراق (جیوڈیسک) عراقی ذرائع ابلاغ نے ایک بار پھر داعش کے سربراہ ابو بکر البغدادی کے فضائی حملے میں نشانہ بنائے جانے اور ان کے زخمی ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔
عراقی سیکیورٹی تجزیہ نگار فاضل ابو رغیف نے اتوار کے روز سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ’فیس بک‘ پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں کہا کہ مصدقہ انٹیلی جنس ذرائع سے اطلاعات ملی ہیں کہ البغدادی کو شام اور عراق کی سرحد پر القائم کے مقام پر امریکی جنگی طیاروں نے فضائی حملے کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں البغدادی زخمی ہوا ہے۔
ابو رغیف نے بتایا کہ البغدادی شام اور عراق کی سرحد کے قریب عکاشات، الزلہ اور العبیدی کے مقامات میں واقع داعش کے مراکز کو نشانہ بنائے جانے کے دوران زخمی ہوئے۔
عراقی ذرائع ابلاغ نے انٹیلی جنس معلومات کے ذریعے بتایا ہے کہ القائم کے مقام پر کیے گئے فضائی حملوں میں البغدادی اپنے دسیوں ساتھیوں سمیت زخمی ہو گئے ہیں تاہم سرکاری سطح پر ان اطلاعات کی تصدیق یا ترید نہیں کی گئی۔