ابوظہبی (جیوڈیسک) سری لنکا نے پانچویں ون ڈے میں پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دیدی، سری لنکا نے 233 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کیا، دنیش چندی مل 64 رنز بناکر ناٹ آوٴٹ رہے، مینڈس نے وننگ اسٹروک کھیلا، 19 رنز پر ناقابل شکست رہے۔ پاکستان کی جانب سے جنید خان نے 3 اور سعید اجمل نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ آخری میچ ہارنے پر مایوسی ہوئی، آخری 3 اوورز میں میچ ہاتھ سے نکل گیا، اگر 260 رنز بنتے تو میچ میں جیتنے کے امکانات زیادہ ہوتے، ٹیم کی خراب فیلڈنگ بھی شکست کا سبب بنی۔
اس سے قبل سری لنکن بولرز کی عمدہ بولنگ نے پانچویں ون ڈے میں پاکستانی ٹیم کو بڑا اسکور کرنے سے روک دیا، سری لنکا کو کامیابی کے لیے 233 رنز کا ہدف ملا۔ ابوظبی کے شیخ زائد اسٹیڈیم میں مصباح الحق نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
اس فیصلے کو انہوں نے 51 رنز بنا کر درست ثابت کرنے کی کوشش کی لیکن کوئی اور بیٹسمین نصف سنچری نہ بنا سکا اور پوری ٹیم 232 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی، پاکستان نے 4.68 کی اوسط سے رنز بنائے۔ حفیظ اور عبدالرحمن نے 41,41 رنز اسکور کیے۔ ملنگا نے چار اور لکمل نے تین وکٹیں حاصل کیں۔