کراچی (جیوڈیسک) سابق ٹیسٹ کپتان اور اپنے دور کے عظیم بیٹسمین حنیف محمد نے کہا ہے کہ ابوظبی ٹیسٹ میں وکٹ جیت گئی۔
انگلینڈ نے میچ کو نتیجہ خیز بنانے کی کوشش نہیں کی، چوتھے روزکا کھیل مکمل ہونے پر نمائندہ سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ انگلینڈ نے ڈبل سنچری بنانے والے کپتان کک کے آؤٹ ہونے کے بعد میچ کو ڈرا کرنے کیلیے کھیلا، اس مرحلے پراننگز ڈیکلیئرڈ کر کے پاکستان کو دوسری باری کا موقع دیکر میچ میں جان ڈالی جاسکتی تھی۔
لیکن انگلینڈ نے کوئی رسک لینے سے گریز کیا اور بیٹنگ جاری رکھی، انگلینڈ میچ کے آخری دن بھی زیادہ سے زیادہ وکٹ پر رکنے کی کوشش کرے گا،انگلینڈ کو 2 گھنٹے کے کھیل کے بعد 60 سے 70 رنز کی برتری مل سکتی ہے۔
اس کے بعد پاکستان کے پاس دوسری اننگز میں بیٹنگ پر توجہ دینے کے علاوہ اور کوئی راستہ نہ ہوگا، انھوں نے کہاکہ میں نے اپنی زندگی میں ایسی خراب وکٹ شاذ ونادر ہی دیکھی ہے، 4 دن کے کھیل میں 1092 رنز بن جانا وکٹ کی جیت ظاہر کرتی ہے، پاکستان کو ہوم گراؤنڈکی حیثیت سے بولرز کیلیے سودمند وکٹ بھی بنانی چاہیے۔