ابو ظہبی (جیوڈیسک) ابوظہبی کے شیخ زاید کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم مشکلات کا شکار ہے۔ 456 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کے چار کھلاڑی آؤٹ ہو چکے ہیں۔ آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں براتھ ویٹ 67، سیموئیل 23، براوو 13 جبکہ جانسن صرف 9 رنز بنا سکے۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے چوتھے روز کے کھیل کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے۔ اس وقت بلیک ووڈ 41 جبکہ آر ایل چیز 17 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ کل دوسرے ٹیسٹ میچ کا آخری روز ہے۔ ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 285 رنز درکار ہیں۔
اس سے قبل کھانے کے وقفے کے بعد مصباح الیون نے 2 وکٹوں پر 227 رنز بنا کر اپنی دوسری اننگز ڈیکلیئر کر دی تھی۔ پاکستان نے چوتھے دن کا آغاز ایک وکٹ کے نقصان پر 114 رنز سے کیا۔
آج پاکستان کے آؤٹ ہونے والے واحد بیٹسمین اظہر علی تھے جو 79 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ مڈل آرڈر بلے باز اسد شفیق نے پراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے کیریئر کی 17 ویں نصف سنچری مکمل کی۔
انہوں نے ناقابل شکست 58 رنز بنائے۔ یونس خان بھی 29 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو ٹیسٹ میچ جیتنے کیلئے 456 رنز کا ہدف درکار ہے۔