الرقہ (جیوڈیسک) غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شام کے شہر الرقہ میں امریکی اتحادی طیاروں نے فضائی حملہ کیا ہے جس میں دولت اسلامیہ عراق و شام (داعش) کے سربراہ ابوبکر البغدادی کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں لیکن کسی مستند ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
اس سے قبل امریکہ کے ڈیفنس چیف نے تسلیم کیا تھا کہ ہمیں نہیں پتہ کہ شدت پسند کہاں چھپے بیٹھے ہیں۔ انھیں ٹریک ڈاؤن کرنا انتہائی مشکل ہے۔ واضح رہے کہ شدت پسند گروپ داعش نے الرقہ کو اپنا دارالحکومت قرار دیا ہوا ہے۔
عراقی میڈیا نے مقامی ذرائع کی رپورٹس کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ فضائی حملے میں داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی سمیت ان کے کئی ساتھی بھی زخمی ہوئے ہیں۔ داعش کی جانب سے ابھی تک اس خبر کی تصدیق یا تردید کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔