گزشتہ برس حادثے کا شکار اطالوی بحری جہاز کوسٹا کونکارڈیا کو انیس گھنٹوں بعد بالآخر سیدھا کر لیا گیا۔ اطالوی جزیرے گگلیو میں شہری دفاع کے ادارے کے سربراہ فرانکو گیبریئیلی نے بتایا کہ یہ اپنی نوعیت کی سب سے بڑی اور مہنگی ترین سمندری کارروائی تھی۔
انسانی تاریخ میں اتنے بڑے بحری جہاز کو اس طرح نیم غرقابی کی حالت سے سیدھا کرنے کا کام اس سے پہلے کبھی نہیں کیا گیا تھا۔ اسے کامیاب بنانے کے لیے چھ ہزار ٹن کیبرابر قوت استعمال کی گئی اور زیر آب کیمروں، جدید ترین آلات اور بھاری مشینری کے علاوہ قریب ایک سو ماہر کارکن بھی اس عمل میں شامل رہے۔ اندازہ ہے کہ اس آپریشن پر انیس ملین یورو لاگت آئی۔
گیبریئیلی نے مزید بتایا کہ اس دوران جہاز کے ٹکرے ہونے کا بھی خطرہ موجود تھا۔ یہ جہاز گذشتہ بیس ماہ سے اسی حالت میں تھا۔ کوسٹا کونکارڈیا گگلیو کے قریب ایک سمندری چٹان سے ٹکرانے کے بعد حادثے کا شکار ہوا تھا۔ اس حادثے میں بتیس افراد سمندر کی نذر ہوگئے تھے۔