ریاض (جیوڈیسک) منیٰ حادثے میں شہید پاکستانیوں کی تعداد 40 ہوگئی جب کہ 60 حجاج کرام اب بھی لاپتہ ہیں۔
خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سعودی عرب میں پاکستانی سفیرمنظورالحق نے 40 پاکستانی حجاج کی شہادت کی تصدیق کردی جب کہ ان کا کہنا تھا کہ 63 حجاج کرام اب بھی لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لئے کام تیز کردیا گیا ہے اور امید ہے کہ انہیں جلد تلاش کرلیا جائے گا۔ پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ 35 زخمی حجاج کرام اب بھی زیرعلاج ہیں۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رہنما طارق فضل چوہدری نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ سعودی عرب میں 228 لاپتہ حجاج کو اپنے پیاروں سے ملا دیا گیا ہے اور 63 ایسے حجاج ہیں جواب ابھی لاپتہ ہیں جن میں سے 27 ایسے ہیں جو سرکاری حج کوٹے پر گئے بقیہ نجی ٹور آپریٹر کے زریعے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی حکام نے شہید ہونے والے حجاج کی تصاویر جاری کی ہیں اگر کوئی لواحقین ان کی شناخت کرنا چاہتے ہیں تو پاکستانی سفارتخانے میں تصاویر موجود ہیں۔
رہنما (ن) لیگ نے وزیراعظم کی جانب سے اعلان کیا کہ شہدا کے لواحقین میں سے 2 سے 3 افراد کو حج آپریشن مکمل ہونے کے فوری بعد سرکاری خرچ پر عمرہ کی ادائیگی کے لئے بھیجا جائے گا جب کہ انہوں نے شہید حجاج کے لواحقین کے لئے فی کس 5 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لئے فی کس 2 لاکھ روپے امداد کا اعلان بھی کیا۔
ادھر وزیراعظم کی ہدایت پر وزارت مذہبی امور نے ہیلپ لائن قائم کر دی ہے جس پرمعلومات کے لئے پاکستان سے اس نمبر 042111725425 پر معلومات لی جاسکتی ہیں جب کہ بیرون ممالک سے فون کرنے والوں کے لئے رابطہ نمبر 8001166622 دیا گیا ہے۔