حادثات کی روک تھام کے لئے ٹریفک قوانین سے آگاہی ناگزیر ہے۔ عباس احسن

Seminar

Seminar

ٹیکسلا (ڈاکٹر سید صابر علی سے) ڈی آئی جی نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس نارتھ زون عباس احسن نے کہا ہے کہ حادثات کی روک تھام کے لئے ٹریفک قوانین سے آگاہی ناگزیر ہے۔ ٹریفک قوانین پر عمل کر کے قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکتا ہے NHA کی حدود میں قائم ناجائز تجاوزات کا خاتمہ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔نیشنل ہائی وے اور موٹر وے پولیس کی جانب سے روڈ سیفٹی ایجوکیشن کے سلسلہ میںروڈ یوزرزکو روڈ سیفٹی اور ایجوکیشن سے متعلق آگاہی کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں ۔موٹر وے کے اہلکار متعین حدود کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنے فرائض منصبی سر انجام دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے کامسیٹس انسٹیٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی واہ کیمپس میں منعقدہ تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر کامسیٹ ریٹائرڈ بریگیڈیئرڈاکٹر طیب اکرم کا کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین ہماری حفاظت کے لئے بنائے جاتے ہیں موٹر وے پولیس اس ضمن میں اپنا بھر پور کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شعور کی آگاہی کے لئے اس قسم کے سیمینار کا انعقاد گاہے بگاہے ہونا چاہیئے تاکہ عوام الناس کو ٹریفک قوانین سے مکمل آگاہی فراہم ہو سکے اس موقع پر پی او معصب نے روڈ سیفٹی ایجوکیشن کے حوالہ سے بریفنگ دی ،روڈ سیفٹی سیمینار میںایس ایس پی نارتھ زون ون نجیب الرحمان،ایس ایس پی نارتھ زون ٹو،تھریوحید احمد ،ایچ او ڈی مینیجمنٹ ڈیپارٹمنٹ ثمینہ احمد،پی آر او آفتاب اسلم ،ڈی ایس پی ھیڈکوارٹرطیب نذیرکے علاوہ نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس کے افسران، کامسیٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے طلباء و طالبات و فیکلٹی ممبراناور مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کثیر تعداد میں موجود تھے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے کا موٹوایجوکیشن اور ٹریفک قوانین پر عملدر آمد کرانا ہے جس کو یقینی بنانے کے لئے ہر سطح پر اقدامات کئے جائیں گے ٹریفک کے بہائو میں رکاوٹوں کے سد باب کے لئے مربوط اقدامات کئے جائیں گے اور خلل پیدا کرنے والے عناصر کا قلع قمع کیا جائے گا مقامی میڈیا کی جانب سے ڈی آئی جی کی توجہ ٹیکسلا میں ٹریفک مسائل،ناجائز تجاوزات،اتوار بازاراور ٹریفک حادثات میں بڑھنے والی شرح کی جانب مبذول کرائی گئی جس کے تدارک کے لئے انہوں نے موقع پر ہدایات جاری کیں۔

ڈاکٹر سید صابر علی تحصیل رپورٹر ٹیکسلا0300-5128038