ننکانہ: پلاٹ تنازع، چچا، بھتیجا قتل، 4 افراد زخمی

Firing

Firing

ننکانہ صاحب (جیوڈیسک) پنچایت میں صلح کیلئے آنیوالے چچا، بھتیجا قتل‘ چار افراد شدید زخمی۔ تفصیلات کے مطابق ننکانہ صاحب کے نواحی قصبہ منڈی فیض آباد کے گاؤں جمال پورہ میں ساڑھے چار مرلہ کے پلاٹ کے فیصلے کے حوالے سے پنچایت جاری تھی کہ مخالفین منظور احمد، جاوید، ریاست وغیرہ نے فائرنگ کردی جس کے زد میں آکر مقامی یونین کونسل کا سابقہ کونسلر عاشق حسین اور اس کا بھتیجا پرویز احمد موقع پر جاں بحق ہوگئے

محمد علی، شہادت علی، ظفر علی، بشیراں بی بی شدید زخمی ہوگئے جنہیں تشویشناک حالت میں لاہور منتقل کر دیا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ محمد حسین، غوث وغیرہ نے ایک ساڑھے چار مرلے کا پلاٹ حاجی محمد علی کو فروخت کیا تھا لیکن فروخت کے بعد ان کی نیت میں فتور آگیا جس پر محمد حسین، غوث وغیرہ نے اپنے ساتھیوں سمیت پلاٹ پر قبضہ کی کوشش کی جس کے بعد اہل علاقہ نے دونوں پارٹیوں میں صلح کروانے کیلئے پنچایت بلوائی۔

حاجی محمد علی کے رشتہ دار عاشق اور پرویز بھی پنچایت میں بیٹھے ہوئے تھے کہ اسی دوران محمد حسین، غوث وغیرہ پارٹی نے فائرنگ شروع کردی فائرنگ سے عاشق اور پرویز موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ چار افراد شدید زخمی ہوگئے۔ تھانہ منڈی فیض آباد پولیس نے ملزموں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔