تحریر : عارف رمضان جتوئی ہیک کرنے کا عمل دنیا بھر میں بڑے پیمانے پر ہوتا ہے۔ ماضی سے اب تک حساس ترین اداروں اور سرکاری اداروں کی ویب سائٹس تک کو ہیک کیا جاتا رہا ہے۔ ہیڈ آفس کے مین سرور تک رسائی، اہم ترین شخصیات کے ذاتی اکاﺅنٹس سے لے کر ایک عام آدمی تک کے اکاﺅنٹس ، کمپیوٹرز اور موبائلز بھی ہیک ہوتے رہے ہیں۔ دنیائے سائبر میں اس ہیکنگ کو سائبر کرائم کی نظر سے دیکھا جاتا ہے جو بڑا اور گھناﺅنا جرم شمار ہوتا ہے جس کی سزائیں بھی اس قدر کڑی سے کڑی رکھی گئی ہیں۔ سب سے پہلے جاننا ضروری ہے کہ اکاﺅنٹ ہیک کیسے کیا جاتا ہے؟ اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی جاننا بہت ضروری ہے کہ آپ کے اکاﺅنٹس کے ذریعے کوئی آپ کی لوکیشن، گھر کا ایڈریس بھی ٹریس کر سکتا ہے۔اکاﺅنٹس ہیک کرنے والے اس عمل کو بہتر طریقے سے جانتے ہوں گے تاہم ہم اپنی معلومات کے مطابق یہاں پر کچھ معلومات فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اکاﺅنٹس ہیک کے بہت سے طریقے ہیں۔ عموما ہیکنگ میں پہلے ایک نقلی پیج بنایا جاتا ہے اور پھر اس نقلی پیج کا لنک اس یوزرکو ای میل کر دیا جاتا ہے جس کا اکاﺅنٹ ہیک کرنا ہوتا ہے۔ اس لنک پر کوئی دلچسپ ، غیر معمولی معلومات ، تصویر یا ویڈیو دی ہوئی ہوتی جو عموماً کسی کو بھی اپنی طرف مائل کرسکتی ہیں جب یوزر اس نقلی فیس بک پیج کے لنک پر کلک کرتا ہے تو وہ پیج اس سے یوزر نام اور پاسورڈ مانگتا ہے۔ جب یوزر اس پیج میں اپنا یوزی نام اور پاس ورڈ لکھ کر لاگ ان کرتا ہے تو اس کے اکاﺅنٹ کی مکمل تفصیل اس شخص کو مل جاتی ہے جس نے وہ لنک بھیجا تھا۔ اکاﺅنٹ کی تفصیل اس جعلی اکاﺅنٹ بنانے والے کے پاس پہنچ جاتی ہے۔ بہت سے لوگ فیس بک کے ذریعے اپنی کچھ چیزیں لائک کرنے والے کے لیے دوسرے سے کہتے ہیں اور اس طرح لائک کے چکر میں آپ کی معلومات ہی اس کے پاس چلی جاتی ہے۔
دراصل آپ جس صفحے پر لاگ ان ہو رہے ہوتے ہیں وہاں اگر آپ یو آر ایل بار یعنی لنک پر غور کریں تو وہ فیس بک یا جی میل کا ایڈریس نہیں ہوگا بلکہ وہ کوئی ویب سائٹ کا یوآر ایل ہوگا مگر آپ کے سامنے جو پیج آرہا ہوگا وہ کسی فیس بک یا جی میل کا ہوگا۔ دراصل اس میں بالکل ایک جیسے ڈیزائن کا صفحہ استعمال کیا جاتا ہے جس سے لوگ بہت جلد دھوکا کھا جاتے ہیں۔ان کی لاگ ان ڈیٹیلز چوری ہو جاتی ہیں اور اانہیں پتا بھی نہیں چلتا۔ بہت سے افراد آن لائن خریداری کے لیے یا کسی غیر ضروری ویب سائٹ تک رسائی کے لیے وہاں پر موجود ویب سائٹ اوپن کرتے ہیں تو ایک پیج فراہم کردیا جاتا ہے۔ اس پیج پر ایک اکاﺅنٹ کریڈ کرنے کا کہا جاتا ہے۔ جس کے لیے ای میل اور پاس ورڈ بھی مانگا جاتا اس طرح بھی آپ کا ایک میل اور پاس ورڈ متعلقہ فرد کے پاس چلا جاتا ہے۔ ہیکنگ یا کسی کی لوکیشن معلوم کرنے کا ایک آسان اور بہترین طریقہ یہ بھی استعمال کیا جاتا ہے کہ مختلف ویب سائٹس کا لنک آپ کو انباکس یا ای میل کیا جاتا ہے۔ جس کا مقصد صرف اور صرف آپ سے اس پر کلک کروانا ہوتا ہے۔ آپ کے ایک کل کے ذریعے آپ جس بھی انٹرنیٹ سے لاگ ان ہوتے ہیں اس انٹرنیٹ کا آئی پی ایڈریس فورا اس ہیکر کے پاس چلا جاتا ہے۔ آئی پی ایڈریس بنیادی طور پر آپ کے انٹرنیٹ کی لوکیشن ہوتا ہے۔آئی پی کے ذریعے معلوم ہوجاتا ہے کہ اس وقت آپ کس ایریا میں موجود ہیں۔ اگر یہ کہا جائے کہ فیس بک یا کوئی بھی اکاﺅنٹ ہیک نہیں ہوسکتا تو ایسا نہیں ہے۔ البتہ احتیاطی تدابیر کے ذریعے ممکنہ حد کم سطح کے ہیکرز سے بچا جاسکتا ہے۔ جہاں تک رہی بات مکمل طور سیکور کرنے کی تو اس کے لیے آپ اپنی اہم معلومات ہرگز ہرگز اپنے اکاﺅنٹس میں نہ رکھیں۔ اگر کوئی شخص آپ کو نقلی پیج استعمال کر کے ای میل یا ان باکس کرتا ہے اور آپ کو لاگ ان ہونے کا کہتا ہے تو آپ سب سے پہلے اس پیج کے لنک (ایڈریس) کاپی کر کے الگ سے براﺅزر میں دیکھیں۔
فیس بک میں بھی ابتدائی دنوں میں ایک بڑی خرابی سامنے آئی تھی۔ وہ یہ تھی کہ بغیر پاس ورڈ کے اکاﺅنٹ ہیک کرلیا جاتا تھا۔ ہیکر فیس بک کے کسی بھی اکاﺅنٹ کو صرف یوزرنیم کی مدد سے کھول سکتے ہیں۔ تاہم فیس بک انتظامیہ کو جب اس بات کی شکایت موصول ہوئیں تو فیس بک نے اس غلطی کو درست کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ تاہم یہ نہیں معلوم ہے کہ آیا فیس بک کو اس قدر سکیور کردیا گیا ہے یا ابھی تک نہیں کیا جاسکا۔ اس بات سے یوزرز کو بہت احتیاط رکھنی چاہیے کہ وہ اپنے اکاﺅنٹ میں کوئی ایسی چیز سیو نہیں کریں کہ اگر آپ کی آئی ڈی کو بہت سیکور رکھنے کے باجود ہیکر کھول لیتا ہے تو ان تک نہ پہنچیں۔ کوشش کریں کہ 2-3 ماہ بعد اپنا پاس ورڈ اپ ڈیٹ کرتے رہیں۔ پبلک مقامات اور دوسروں کے کمپیوٹرز پر لاگ ان کرتے ہوئے احتیاط سے کام لیں۔ صرف قابل بھروسا جگہوں پر ہی اپنے ذاتی اکاو ¿نٹس استعمال کریں۔ لاگ ان کرتے ہوئے بعض اوقات پاس ورڈ سیو (محفوظ) ہو جاتا ہے اس بات کا احتیاط ضروری ہے۔ کسی بھی ای میل اکاو ¿نٹ کے ہیک ہونے میں سیکورٹی کوئسچن (سیکورٹی سوال) بھی اہم ہوتا ہے۔ اس لیے اپنے سیکورٹی کوئسچن ایسے نہ رکھیں کہ جسے کوئی بھی سوچ کر پہنچ جائے۔ جیسے آپ کا بہترین ٹیچر، دوست وغیرہ۔ اپنے اکاﺅنٹ کو ہیک ہونے سے بچانے کے لیے پرائمری ای میل اور موبائل فون نمبر جو آپ کے اپنے پاس ہیں وہ ایڈ کر کے رکھیں۔مگر دوسروں کے لیے شو (Show) ہرگز نہیں کریں بلکہ وہاں پر ہیڈن کے آپشن کا استعمال کریں۔ ابھی حال میں ہیک کرنے کا نیا طریقہ کار بھی سامنے آرہا ہے۔ یہ طریقہ ہیکرز کے لیے انتہائی آسان اور کارآمد ثابت ہورہا ہے۔ ہیکر کسی بھی طریقے سے آپ کے موبائل میں ایک وائرس انسٹال کرلیتا ہے۔ نیویارک سے جاری ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ سینکڑوں ہزاروں مقبول ترین موبائل ایپس آپ کے پرائیویٹ اور حساس ترین ڈیٹا پر نظر رکھتی ہیں اور معلومات چوری بھی کرتی ہیں۔
Technology
ٹیکنالوجی کمپنی Vocative کی تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ فیس بک، وائبر اور اینٹی وائرس کے علاوہ درجنوں مقبول ترین گیمز بھی صارفین کی ایسی معلومات طلب کرتی ہیں کہ جن تک ان کی رسائی نہیں ہونی چاہیے۔ یہ ایپس صارفین کی تصاویر، ویڈیوز، میسج، کال کی معلومات، لوکیشن اور یہاں تک کہ مائیکرو فون اور اسپیکر کی آواز بھی ریکارڈ کرسکتی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ معلومات عام طور پر صارفین کو اشتہارات بھیجنے کی غرض سے اکٹھی کی جاتی ہیں لیکن ہمیں نہیں معلوم کہ ان کا اور کیا استعمال ہوتا ہے اور یہ معلومات کس کس کے پاس جاسکتی ہیں۔ پرائیویٹ معلومات تک غیر مناسب اور ضرورت سے زائد رسانی حاصل کرنے والی ایپس میں اینٹی وائرس ایپس سر فہرست ہیں، اس کے بعد وائبر اور فیس بک کا نمبر آتا ہے ۔اس کے لیے سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ جب بھی ایپ انسٹال کرنے لگیں وہاں پر موجود ہوتا ہے کہ آپ ایپ ڈاﺅن لوڈ کرنے کے لیے کن کن چیزوں کے لیے الاﺅ کررہے ہیں۔ ہیکنگ میں سب بڑی غلطی ہماری اپنی ہوتی ہے۔ ہیکنگ کی وجوہات جاننے کے بعد آپ کو اندازہ ہورہا ہوگا کہ اس تمام ہیکنگ میں آپ کی اپنی غلطی ہوتی ہے۔ جب تک آپ کو ایک چیز کا معلوم ہی نہیں آپ اس لنک پر ہرگز نہیں جائیں۔ یہاں پر ایک افسوس کا امر یہ بھی ہے کہ بہت سی خواتین فیس بک کے آزادنہ استعمال کی وجہ سے کچھ بھنوروں کے چنگل میں پھنستی جارہی ہیں۔ گزشتہ دنوں کچھ ایسے کیس سامنے آئے کہ جنہیں سن کر بہت افسوس ہوتا ہے۔ کچھ لوگ فیس بک پر لڑکیوں سے دوستیاں کرتے ہیں پھر ان کی تصاویر لے کر انہیں ہراساں کیا جاتا ہے۔ اگر آج اپنے ارد گرد کے ماحول کا جائزہ لیں تو آپ کو ہر دس میں کوئی نہ کوئی ہراساں ہوتی لڑکی مل جائے گی جس کی بنیادی وجہ وہ لڑکی خود ہوتی ہے۔ یہ بھی ہیکنگ کی ایک قسم ہے۔ کوئی آپ کو اپنے جال میں پھنسا کر آپ سے آپ کے اکاﺅنٹ تک لے کر اس میں جو چاہیے کرتا ہے۔ آپ کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ ایک بات یاد رکھیں کہ سوشل میڈیا پر کوئی آپ کا اپنا نہیں ہے۔ یہ سب عارضی ہیں۔ آج ہیں تو کل نہیں ہوں گے۔ آپ کے اپنے وہ ہیں جو آپ کے گھر میں ہیں۔ جو آپ کے گلی محلے اور خاندان میں ہیں۔ اس لیے سوشل میڈیا پر موجود افراد اچھے ہوسکتے ہیں مگر کب تک یہ آپ نہیں جانتے۔ ایک بات اپنے ذہن میں رکھیں کہ سوشل میڈیا پر ایک شخص آپ کا ہے تو وہ اسی وقت اور بے شمار افراد کا ہوسکتا ہے۔
ایسے بہت سے گروہ ہیں جو پاکستان میں باقاعدہ ہیکنگ کرتے ہیں۔ میرا ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے دفتر جانا ہوا۔ وہاں مجھ سے قبل 4 گھنٹوں میں 5 ایسے کیس آچکے تھے جن میں فیس بک پر لڑکیوں کوہراساں کرنے جیسے واقعات شامل تھے۔ گزشتہ دنوں فیس بک اکاﺅنٹس ہیک کر کے جنسی ہراساں کرنے والا 3رکنی گروہ کو راولپنڈی سے گرفتار بھی کیا گیا۔ جس نے80 سے زائد اکاﺅنٹس ہیک کیے تھے۔ملزم نے باقاعدہ طور پر فیس بک پیج ہیکنگ سیکھی ہوئی تھی۔ سرگودھا سے ایک گروہ پکڑا گیا جس کے قبضے سے 18 انٹر نیٹ سرور‘ ہارڈ ڈسک‘ 6 کمپیوٹرز‘ جعلی پاسپورٹس‘ شناختی کارڈ اور کئی موبائل فون برآمدکیے۔ یہ گروہ فیس بک پر لڑکیوں سے دوستی کرکے یااکاﺅنٹ ہیک کرکے تصاویر حاصل کرتا اور ان کے رشتے داروں کو دکھا نے کی دھمکیاں دے کر لڑکیوں اور ان کے خاندان والوں کو بلیک میل کرتاتھا۔ اسلام آباد سائبر کرائم کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر طاہر تنویر نے بتایا کہ 11ماہ میں 2000 سے زائد صرف فیس بک پرلڑکیوں کو ہراساں کرنے کی شکایات موصول ہوئیں۔ پاکستان میں انٹرنیٹ کے غلط استعمال پر سنگین مقدمات اور سزا ﺅں کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔ سائبر کرائم بل 2014ءکے تحت ویب سائٹ ہیکنگ کو سائبر ٹیررازم قرار دیا گیا ہے جس کی سزا 14سال قید اور 5کروڑ روپے تک جرمانہ تجویز کیا گیا۔
انٹرنیٹ یا موبائل پر کسی خاتون کی کردار کشی کرنے والے شخص کو 1سال قید ہو سکے گی۔ بل میں انٹرنیٹ پربذریعہ فیس بک، ٹوئیٹر یا کسی اور سوشل نیٹ ورک پرکسی دوسرے کی شناخت اپنانے پر 6ماہ تک کی قید تجویز کی گئی ہے۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی نے سائبر برانچ کرائم بل 2015 ءکے تحت سوشل میڈیا پر غلط پراپیگنڈہ کرنے والوں کو سالوں قید اور لاکھوں جرمانہ ہوسکتا ہے، اسی طرح سرکاری ویپ سائٹس ہیک کرنے کی کوشش میں7 سال قید اور50 لاکھ جرمانہ ہوسکتا ہے اور کسی شخص کی شہرت یا پرائیویسی کو نقصان پہنچانے کی صورت میں 3 سال قید اور کئی لاکھ جرمانہ ہو سکتا ہے۔ فیس بک کے بارے میں ایک بات جان لینا ضروری ہے۔ فیس بک میں اسلام دشمنی کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی ہے۔ فیس بک کو غیر جانب دار نہیں کہا جاسکتا۔ فیس بک نے فلسطینی صحافیوں اور میڈیا سینٹرز کے اکاﺅنٹس بلاک کردیے۔ اس طرح کشمیر میں آزادی کی تحریکوں سمیت بیشمار کشمیریوں میں آواز بلند کرنے والوں کے اکاﺅنٹس کو بلاک کیا گیا۔ یہ فیس بک ہی تھی کہ جس نے نبی اکرم ﷺ کی شان اقدس میں نعوذ باللہ گستاخانہ خاکوں کی نمائش کا اعلان کیا تھا۔