اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف اوران کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کو فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں 19 ستمبر کو طلب کرتے ہوئے نوٹسز جاری کردیے ہیں۔
دوسری جانب عزیزیہ ریفرنس کے حوالے سے بھی دستاویزات عدالت میں جمع کرادی گئی ہیں جس پر بھی عدالت کی جانب سے نوٹس جاری ہونے کا امکان ہے۔
سابق نوازشریف اور ان کے بچوں کو سمن لاہور کے 2 گھروں کے پتوں پر بھیج دیے گئے ہیں۔
سمن کے متن میں کہا گیا ہے الزامات کا جواب دینے کے لیے آپ کی عدالت میں حاضری ضروری ہے، نوازشریف اور دونوں بیٹے 19 ستمبر کی صبح 9 بجے ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوں۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف ان دنوں اپنی اہلیہ کلثوم نواز کے علاج معالجہ کے سلسلے میں بیرون ملک میں ہیں لہذا ان کی عدم موجودگی پر عدالت میں ان کے وکیل کے پیش ہونے کا امکان قوی ہے۔