کراچی (پ ر) امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان نے وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کی جانب سے نیب کے خلاف کارروائی کی دھمکی پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتساب سے خوفزدہ کرپٹ حکمراں دھمکیوں پر اتر آئے ہیں، وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے جارحانہ انداز سے اداروں کی ساکھ کو نقصان ہوگا۔
اقتدار میں موجود پارٹیاں اپنے لوگوں کو بچانے کی کوشش میں لگی ہوئی ہیں، وزیراعظم پارٹی کے بجائے پاکستان کے مفاد کو اولین ترجیح دیں، قومی دولت لوٹ کر بیرونی ملکوں میں منتقل کرنے والوں سے بڑا مجرم اور کوئی نہیں ہوسکتا ۔ انہی لوگوں کی وجہ سے آج قوم کا بچہ بچہ مقروض ہے جبکہ خود ان کے پاکستان کے تمام بڑے شہروں اور لندن و امریکہ میں بڑے بڑے بنگلے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ظالمانہ اور استحصالی نظام مسلط کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں اگر حکمرانوں نے اپنی روش نہ بدلی تو عوام کے اندر ان کے خلاف نفرت کا لاوا کسی بھی وقت پھٹ پڑے گا اور قومی مجرموں کو پناہ کی کوئی جگہ نہیں ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ قومی دولت لوٹنے والوں سے ایک ایک پائی کا حساب لیا جائے گا۔ منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ حکمران کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی پر نیب کو دھمکی دینا بند کریں، اربوں روپے کی کرپشن کرنے والوں کا شفاف اور کڑا احتساب عوام کا درینہ مطالبہ ہے جس کی راہ میں حائل رکاوٹ وہ براشت نہیں کریں گے۔