لاہور (جیوڈیسک) بلاول بھٹو کی قیادت میں کاروان بھٹو اپنی منزل لاڑکانہ پہنچ گیا۔ کارکنوں سے اپنے خطاب میں بلاول نے کہا کہ قائم علی شاہ جیسے شریف آدمی کو نیب بلا رہا ہے، احتساب کے نام پر انتقام منظور نہیں، پیپلز پارٹی ہر پاکستانی کیلئے یکساں احتساب کا قانون لائے گی۔
بلاول بھٹو کاررواں کے دوران وزیراعظم عمران خان پر گرجتے برستے رہے۔ انھوں نے دوران سفر 24 سے زائد مقامات پر خطاب کیا۔ بلاول بھٹو نے حکومتی پالیسیوں اور عمران خان پر کڑی تنقید کی، انہوں نے دوران خطاب جہاں جیالوں کا لہو گرمایا وہیں اس راز سے بھی پردہ اٹھایا کہ انہیں وزیراعظم ہاؤس سے اٹھنے والی چیخیں سنائی دے رہی ہیں۔
بلاول بھٹو زرادری نے کہا کہ موجود حکومت تجاوزات مسمار کرنے کے نام پر غریبوں کے سر سے چھت چھین رہی ہے، ان پر تو دھوبی اور گھریلو اشیا کے اخراجات کے نام پر مقدمات بنائے جا رہے ہیں لیکن ملک میں کالعدم تنظیمیں دندناتی پھر رہی ہیں۔
بھٹو کارواں منگل کی صبح 11 بجے کراچی سے روانہ ہو کر آج صبح تین بجے کے قریب اپنی منزل لاڑکانہ پہنچا، کارواں ٹرین نے 9 گھنٹے کا سفر 40 گھنٹوں میں مکمل کیا۔ اس دوران پارٹی کارکنوں نے تمام مقامات پر اپنے قائد کا والہانہ استقبال کیا۔ فلک شگاف خیر مقدمی نعرے لگائے۔ بھنگڑے ڈالے اور پارٹی ترانوں پر رقص کیا۔
بلاول کے ہمراہ وزیراعلی سندھ سمیت صوبائی کابینہ کے ارکان اور دیگر رہنماؤں نے بھی کارواں میں شرکت کی۔