نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے باوجود ان کی عدم گرفتاری پر مدعی نے شدید احتجاج

جھنگ : :تھانہ صدر جھنگ پولیس ساڑھے تین ماہ کا عرصہ گزرنے کے باوجود ڈکیتی کی واردات میں لوٹے گئے لاکھوں روپے مالیت کے مویشی برآمد کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی ہے جبکہ نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے باوجود ان کی عدم گرفتاری پر مدعی نے شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب ، آئی جی پولیس ، آر پی او فیصل آباد اور ڈی پی او جھنگ سے فوری کاروائی کامطالبہ کیاہے ۔پولیس تھانہ صدر جھنگ میں درج کرائے گئے مقدمہ نمبر 570/13 زیر دفعہ 457/380 ت پ کے مدعی طلعت رفیق ولد رفیق احمد سکنہ چک نمبر 264 ج ب جھنگ نے میڈیاکو بتایاکہ 12 اکتوبر کی رات وہ اپنے دیگر عزیزو ں کے ہمراہ اپنے ڈیرہ پر سویا ہوا تھاکہ اسی اثناء میں نصف شب کے وقت ملزمان اختر ولد دراز ، عنصرولد عباس ، افضل ولد سرور ، سیف اللہ ولد قالب ، مجاہد ولد غلام محمد ،عمردراز ولد موکھا وغیرہ اسلحہ سے لیس ہو کر حویلی کی دیوارپھلانگ کراندر داخل ہوئے اور وہاں موجود افراد کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا لیا اس دوران ملزمان اسلحہ کے زور پر ایک عدد بیل مالیتی 80ہزار روپے ، ایک عدد گائے مالیتی ایک لاکھ روپے اور ایک عدد بھینس مالیتی سوا لاکھ روپے چھین کر فرار ہو گئے۔

انہوں نے بتایا کہ واردات کے بعد ان کے شور و غوغا پر انہوںنے اہلیان علاقہ کے ہمراہ ملزمان کا پیچھا شروع کیاتو وہ بھینس چھوڑ کر گائے و بیل کے ہمراہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔ انہوںنے بتایاکہ پولیس تھانہ صدر جھنگ نے واقعہ کے دو ماہ بعد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا مگر نہ تو ملزمان کو گرفتار کیا گیاہے اورنہ ہی بیل و گائے برآمد کئے گئے ہیں۔ انہوں نے پولیس کے ناروا رویہ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے فوری کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔