لاہور (جیوڈیسک) وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ملزم عمران کا بین الاقوامی گروہ سے کوئی تعلق نہیں، ڈاکٹر شاہد مسعود ایک مہرہ ہیں۔
وزیر قانون نے مزید کہا کہ شاہد مسعود کے انکشاف پر ان سے ذرائع پوچھنا چاہیں، چیف جسٹس سے گزارش ہے کہ اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں، ڈاکٹر شاہد مسعود کس کے اشاروں پر قوم کو گمراہ کر رہے ہیں؟ قصور کے واقعے کا رخ موڑنے کی کوشش کی گئی، قوم کردارکشی کرنے والوں کو جانتی ہے۔ رانا ثناء اللہ نے استفسار کیا کہ ایسے لوگ کس کے اشارے پر قوم کو بیوقوف بناتے ہیں؟
انہوں نے مزید کہا کہ ملک سے لوڈ شیڈنگ اور دہشتگردی کا خاتمہ ہو رہا تھا، نواز شریف عدلیہ پر نہیں، ایک فیصلے پر تنقید کر رہے ہیں، عدلیہ کے فیصلے تاریخ کا حصہ ہیں اور نواز شریف کو فیصلے پر تنقید کرنے کا حق حاصل ہے۔
رانا ثناء اللہ نے یہ بھی کہا کہ سینیٹ الیکشن کے حوالے سے حکمت عملی بنا لی ہے، زینب قتل کیس کی جے آئی ٹی میں حتمی حقائق سامنے آئیں گے۔