لاہور (جیوڈیسک) ق لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے محمود خان اچکزئی کی جانب سے افغان مہاجرین کی حمایت میں خیبر پی کے کو افغانستان کا حصہ قرار دینے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ایسے سینئر سیاستدان کی جانب سے یہ بیان نہایت افسوسناک ہے۔
چودھری شجاعت حسین نے ایک بیان میں کہا کہ محمود خان اچکزئی کو اگر ان مہاجرین کی اتنی ہی فکر ہے تو انہیں چاہئے کہ وہ ان کی باعزت وطن واپسی کیلئے افغان حکومت کو قائل کریں۔
چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی کو محمود خان اچکزئی کے ایسے بیان کی نہ صرف پرزور مذمت کرنی چاہئے بلکہ مادر وطن کی سالمیت اور یکجہتی کیخلاف بیان بازی کرنے والے سینٹ اور اسمبلیوں کے ارکان کے بارے میں قانون سازی کرنی چاہئے جس کے تحت ایسا کرنے والوں کی نہ صرف ان کی رکنیت ختم ہوجائے بلکہ ان کے 10سال تک سیاست میں حصہ لینے پر پابندی عائد ہو۔