اسلام آباد (جیوڈیسک) عید میلاد النبیﷺ ملک بھر میں انتہائی عقیدت واحترام کے ساتھ منائی جارہی ہے اس موقع پر ملک بھر میں جلوس اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔
صبح بہاراں کا آغازمساجد میں قرآن خوانی، اجتماعی دعاؤں اور درود وسلام سے ہوا اورعلمائے کرام محافل نے خطاب کیا جب کہ پاک فوج نے دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 جب کہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے کیا۔ عید میلاد النبی ﷺ کی خوشی کے موقع پر ملک بھر میں چراغاں کیا گیا ہے، شہر شہر گلی گلی کو خانہ کعبہ اور گنبد خضرا کے ہورڈنگز، بینرز اور پرچم نبی ﷺ سے سجایا گیا ہے، سرکاری و نجی عمارتوں، شاہراہوں اور مساجد کو بھی برقی قمقموں، پرچم نبوی ﷺ، بینرز اور اسکرینوں کے ذریعے سجایا گیا ہے۔
کراچی میں جشن عید میلادالنبی ﷺ کا مرکزی استقبالیہ کیمپ نمائش چورنگی ایم اے جناح روڈ پر لگایا گیا ہے جب کہ شہر کے مختلف مقامات پر بھی کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔ کراچی میں عید میلاد النبیؐ کا مرکزی جلوس علما و مشائخ کی قیادت میں نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے برآمد ہوگا۔
جو ایم اے جناح روڈ سے ہوتا ہوا نشترپارک پہنچے گا، جلوس کے شرکا نماز عصر اور مغرب نشتر پارک میں اداکریں گے، حسب روایت راستوں میں سیکڑوں مقامات پر شرکائے جلوس پر گل پاشی کی جائے گی، عید میلادالنبیؐ کے جلوس میں مخصوص پاسز والی گا ڑیوں کو داخل ہونے کی اجازت ہوگی، 12ربیع الاول کے جلوس اور جلسے کے حفاظتی انتظامات رینجرز، پولیس اہلکاروں کے علاوہ اسکاؤٹس بھی انجام دیں گے۔
مرکزی جلوس کی حفاظت کے لئے 5 ہزار پولیس اہلکار تعیبات ہوں گے۔ جشن عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں کو بھی خوبصورتی سے سجایا گیا ہے، مختلف شہروں اور اضلاع سے جلوس اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں جب کہ جلوس کی سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی جشن عیدمیلاالنبی ﷺ کے سلسلے میں سرکاری و نجی عمارتوں سمیت پارلیمنٹ ہاؤس کو بھی خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا اور بلوچستان سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی آقائے دو جہاںﷺ کی آمد کا جشن مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے اور میلاد مصطفیٰﷺ کے سلسلے میں جلوس اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔
عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پرعالم اسلام خصوصاً فلسطین، کشمیر،عراق، افغانستان اور شہدائے میلاد النبی، شہد ائے آرمی پبلک اسکو ل پشاور کے ایصال ثواب کیلیے قرآن خوانی، فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت، عالم اسلام اور پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اورامن کے لئے بھی خصوصی دعائیں کی جا رہی ہیں۔