پاکستان (جیوڈیسک)نگراں وزیرداخلہ نے نواز شریف کو بڑا لیڈر قرار دے دیا۔ یہ بیان انہیں مہنگا پڑ گیا۔ الیکشن کمیشن نے ملک حبیب اللہ کے بیان پر کمیشن بنا دیا۔ جو آج ہی نگران وزیر داخلہ کی قسمت کا فیصلہ کرے گا۔
نگران وزیر داخلہ ملک حیبیب اللہ نے اے آر وائی کو خصوصی انٹرویو میں نواز شریف کو بڑا لیڈر قرار دیا تھا۔ ملک حیبیب اللہ نے یہ بھی کہا ان کی ن لیگ سے وابستگی ہے اور وہ ن لیگ کے امیدوار شاہد خاقان عباسی کو ووٹ دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، مسلم لیگ (ق) اور اے این پی نے نگراں وزیر داخلہ ملک حبیب خان کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود نے بھی ملک حبیب کے انٹرویو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ملک حبیب نے اپنے انٹرویو میں جانبداری کا مظاہرہ کیا جس پر ان سے استعفی لیا جائے کیونکہ ان کا اس عہدے پر مزید برقرار رہنا قوم کے مفاد میں نہیں ہے۔
ملک حبیب نے بعد میں اپنا وضاحتی بیان دیتے ہوئے کہا کہ ان کا کام شفاف اور پرامن انتخابات کے لئے سیکیورٹی فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا تعلق کسی سیاسی جماعت سے نہیں اور ان کا ووٹ صرف عوام کے لئے ہے۔