ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ دیا مرزا فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے پھر فلموں کو پروڈیوس کر نے کے بعد اب فلموں کی ہدایتکاری بھی کریں گی تاہم ابھی وہ انتظار کریں گی تاکہ ایسی کہانی ڈھونڈ لی جائے جو انھیں متاثر کر سکے۔
اس سلسلے میں اداکارہ نے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انھیں کہانیاں سنانا پسند ہے یہی وجہ ہے کہ وہ اب فلمیں بھی بنائیں گی اور یہ ہی وجہ تھی کہ میں پروڈکشن کی جانب بھی آئی۔ ڈائریکشن کہانی سنانے کے حوالے سے ایک بہت اہم اور بامقصد پہلو ؤں کی حامل چیز ہے اور وہ اس بات کی بھی معترف ہیں کہ یہی وہ سمت ہے جس میں وہ اپنی صلاحیتوں کو منوانا چاہتی ہیں۔ ان باتوں کا اظہار انھوں نے ساوے میگزین کے نئے ایڈیشن کی افتتاحی تقریب کے موقع پر کیا جس کے سرورق پر بھی اداکارہ کی تصویر شائع کی گئی ہے۔
32 سالہ اداکارہ نے بتایا کہ وہ نہیں جانتی کہ ڈائریکشن کی ابتدا کب ہوگی مگر اتنا ضرور ہے کہ یہ سب جلد ہوگا اس کے لیے ایک اچھی کہانی کی ضرورت ہے جو مجھے اپنی طرف کھینچ لے تاکہ اسے بنایا جاسکے یا اس میں میں نظر آؤں‘ اور یہ بھی کہ اس کام کے لیے بہت زیادہ اعتماد کی ضرورت ہے اور مجھے اس سے قبل مزید کچھ فلمیں بنانے کی ضرورت ہے۔
اداکارہ دیا مرزا اب تک دو فلمیں پروڈیوس کر چکی ہیں جن میں ایک ’’لو بریک اپ زندگی‘‘ اور دوسری حال ہی میں ریلیز ہونے والی ’’بوبی جاسوس ‘‘ فلم ہے اور اب ان دنوں وہ اپنے منگیتر ساحل سنگھا سے شادی کی تیاریوں میں مصروف ہے جو اگلے ماہ اکتوبر میں ہونے والی ہے۔ بھارتی شہر حیدر آباد میں پیدا ہونے والی اداکارہ دیا مرزا نے 2000ء کی مس ایشیاء پیسفک انٹرنیشنل حسینہ بھی رہ چکی ہیں‘ انھوں نے 2001ء میں فلم ’’رہنا ہے تیرے دل میں ‘‘ سے اپنے فنی کیریئر کا آغاز کیا۔
اس کے بعد فلم ’’دیوانہ پن‘‘ میں کام کیا جس پر انھیں فیمیل نیو کمر اسکرین ایوارڈ کے لیے چنا گیا پھر اگلے برس 2002ء میں ’’تم کو نہ بھول پائیں گے‘‘ اور ’’تیزاب‘‘ فلمیں دیں، 2003ء میں ’’دم‘‘، ’’تم سا نہیں دیکھا‘‘ اور ’’کیوں ہو گیا ناں‘‘ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ دیا مرزا کی اداکاری کا سلسلہ اب بھی جاری ہے اور آئندہ برس آنے والی فلم ’’فیملی والا‘‘ میں بھی وہ کام کر رہی ہیں۔