نگراں وزیراعظم : پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج پھرہوگا

National Assembely

National Assembely

پاکستان (جیوڈیسک)پارلیمانی کمیٹی میں پہلے روز نگراں وزیر اعظم کے نام پر فیصلہ نہ ہوسکا۔ کمیٹی آج پھر سر جوڑے گی۔ اراکین مطمئن ہیں کہ فیصلہ کرلیں گے۔

نگراں وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے آٹھ رکنی پارلیمانی کمیٹی نے پہلے روز رسول بخش پلیجو اور میر ہزار خان کھوسو کے نام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا لیکن اتفاق رائے نہ ہوسکا ۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت میں بظاہر مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے اراکین پر امید تھے کہ یہ معاملہ کمیٹی حل کرلے گی۔

سردار مہتاب عباسی کہتے ہیں کہ ان کی جماعت کی خواہش ہے کہ غیر سیاسی ،غیر جانبدار ہو، ایماندار ، انتظامی امور میں تجربہ کار اور ملک گیر شہرت کی حامل شخصیت پر اتفاق کیا جائے ۔لگتا یہی ہے کہ مسلم لیگ ن جسٹس ر ناصر اسلم زاہد کے نام سے پیچھے نہیں ہٹے گی اس کا اشارہ لاہور میں میاں نواز شریف دے چکے ہیں۔

آج پھر آٹھ رکنی پارلیمانی کمیٹی سر جوڑے گی۔ کمیٹی کے پاس اب صرف آج اور کل کا دن ہے اگر اتفاق ہوگیا تو ٹھیک ورنہ معاملہ سیدھا الیکشن کمیشن کے پاس جائے گا اور الیکشن کمیشن نگراں وز یر اعظم کے نام کا قرعہ فال نکال دے گا۔

پاکستان کی پارلیمانی تاریخ میں یہ پہلی بار ہوا ہے کہ نگراں وزیر اعظم کے نام پر پارلیمانی کمیٹی غور کررہی ہے ۔ جسٹس ر ناصر اسلم زاہد ، رسول بخش پلیجو۔ ڈاکٹر عشرت حسین اور میر ہزار خان کھوسو میدان میں ہیں قوم منتظر ہے کس کے سر پر نگراں وزارت عظمی کا تاج سجے گا۔